Ilyas Gujjar arrested for meeting Gogi Butt in jail

لاہور (اسد مرزا) سی آئی اے سٹاف پولیس نے قبضہ گروپوں کے خلاف جاری کریک ڈاون کے دوران خواجہ عقیل عرف گوگی بٹ سے جیل میں ملاقات کر کے نکلنے والے بدنام زمانہ قبضہ گروپ الیاس گجر کو ڈرامائی انداز میں گرفتار کر لیا۔ملزم کی گرفتاری کے بعد پولیس اور کیمپ جیل کی انتظامیہ میں ٹھن گئی۔

بتایا گیا ہے کہ الیاس گجر گزشتہ روز اپنے دوست گوگی بٹ سے ملاقات کے لیے کیمپ جیل پہنچا جہاں گیٹ پر جیل اہلکار اسے پروٹوکول کے ساتھ جیل میں لے گئے، جہاں اس کی ملاقات گوگی بٹ سے کروائی۔ گوگی بٹ اور الیاس کی ملاقات کو کئی گھنٹے گزر گئے اس دوران سی آئی اے علامہ اقبال ٹاﺅن کے ڈی ایس پی میاں شفقت کو علم ہوا کہ بدنام زمانہ الیاس گجر کا نام بھی بدمعاشوں کی فہرست میں شامل ہے،تب پولیس کی نفری جیل کے احاطے میں پہنچ گئی اور الیاس گجر کا انتظار کرتی رہی۔ الیاس گجرکو جیل انتظامیہ باہر لے کر آئی تو اس کے استقبال کے لیے کھڑے پنجاب پولیس کے اہلکاروں نے اسے حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ۔

اس صورتحال کے بارے جیل حکام کو علم ہوا تو پولیس آپریشن پر ناراضگی کا اظہار کیا گیا کیونکہ الیاس گجر کے سفارشیوں کی جیل حکام کو فون کالز آرہی تھیں۔ تب جیل انتظامیہ نے دباﺅ میں آکر جیل کے احاطے میں موجود باقی پولیس اہلکاروں کو باہر نکال دیا اور پولیس کی ٹیموں نے کیمپ جیل کا باہر سے محاصرہ کر لیا۔ پولیس کے مطابق جیل میں گوگی بٹ سے ملاقاتوں کے لیے آنے والے جرائم پیشہ اور ریکارڈ یافتہ افراد تھے، اس لیے انکی گرفتاری پولیس کے لیے آسان ہدف ہے ۔ پولیس حکام نے جیل انتظامیہ کے رویے پر احتجاج کیا اور انہیںں بتایا کہ الیاس گجر ریکارڈ یافتہ ہے اس لیے اسے گرفتار کیا ہے تاہم گوگی بٹ کی گرفتاری کے لیے پولیس پارٹیوں نے جیل کے باہر سے متعدد جرائم پیشہ افراد کو حراست میں لیا ۔

پولیس کا کہنا ہے کہ الیاس گجر سابقہ ریکارڈ یافتہ ہے اس کے خلاف قبضہ،قتل سیمت دیگر مقدمات درج ہیںں۔ الیاس گجر سے سی آئی اے کینٹ پولیس تفتیش کر رہی ہے ۔ لاہور پولیس کی بدنام زمانہ بدمعاشوں کے خلاف کارروائیوں کے بعد چھوٹے کریمنل بھی انڈر گراونڈ ہو گئے جبکہ گوگی بٹ کے حمایتی افراد جیل کے باہر پولیس کی بھاری نفری دیکھ کر حلیے تبدیل کر کے دور کھڑے موقع کے انتظار میں کھڑے رہتے ہیں کہ پولیس کب جائے اور وہ گوگی بٹ سے ملاقات کر کے اسے احساس دلائیں کہ ہم سب آپ کے ساتھ ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.