- Advertisement -

ایک اور بھارتی طیارے کی کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ

- Advertisement -

بھارتی ایئرلائن ‘انڈیگو’ کے طیارے نے کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی، چند روز کے دوران یہ دوسرے بھارتی مسافر طیارے کی کراچی ائیر پورٹ پر ہنگامی لینڈنگ ہے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ذرائع کے مطابق انڈیگو ایئر لائن کی پرواز کا طیارہ ایئربس 320 شارجہ سے حیدر آباد دکن جارہا تھا، پرواز ای 6-1406 کے طیارے نے شارجہ سے حیدر آباد دکن جاتے ہوئے بحیرہ عرب کی فضائی حدود کے درمیان ہنگامی لینڈنگ کی کال دی تھی۔
سی اے اے ذرائع کے مطابق انڈیگو کے طیارے میں تکنیکی خرابی پیدا ہونے پر کپتان نے کراچی ایئر ٹریفک کنٹرول سے ہنگامی لینڈنگ کی اجازت طلب کی۔
 
ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی ایئرلائن انڈیگو کے طیارے کے کپتان نے طیارے کو بحفاظت لینڈ کرایا، طیارے میں 180 مسافر سوار تھے، مسافروں کو کراچی ایئرپورٹ کے ٹرانزٹ لاؤنج منتقل کردیا گیا جہاں انڈیگو ایئر کے مسافروں کو ناشتہ بھی فراہم کردیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی ایئر لائن انتظامیہ نے سی اے اے کو آگاہ کردیا ہے کہ سہ پہر 3 بجے تک متبادل طیارے سے مسافروں کو بھارتی شہر حیدر آباد دکن منتقل کیا جائے گا۔
ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی سیف اللہ خان کے مطابق بھارتی ائیرلائن ‘انڈیگو’ کی پرواز شارجہ سے حیدر آباد کے لیے زیادہ سفر کرتے ہوئے تکنیکی وجوہات کی بنا پر کراچی کی جانب موڑی گئی، طیارے کے انجن نمبر 2 میں تکنیکی خرابی تھی۔
ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق جہاز اے ٹی سی سے اجازت کے بعد 2 بجکر 14 منٹ پر جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر بحفاظت اترا، ضروری کارروائی کے بعد جہاز کے 186 مسافروں کو پائلٹ کی اجازت کے بعد ٹرانزٹ لاؤنج میں بیٹھا گیا۔
سیف اللہ خان کے مطابق اے ٹی ڈائریکٹ کی اجازت کے بعد متبادل جہاز مسافروں کو لینے کے لیے احمد آباد سے کراچی کے لیے روانہ ہوگا۔
دوسری جانب انڈیگو نے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایئرلائن کی پرواز ای 6-1406، جو شارجہ سے حیدرآباد جارہی تھی، اس کا رخ کراچی کی جانب موڑ دیا گیا تھا۔
بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ پرواز کے پائلٹ نے طیارے میں تکنیکی خرابی دیکھی، اس دوران ضروری طریقہ کار اپنایا گیا اور احتیاط کے طور پر طیارے کو کراچی کی جانب موڑ دیا گیا۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ مسافروں کو حیدر آباد لے جانے کے لیے اضافی پرواز کراچی روانہ کی جارہی ہے جبکہ لینڈ کرنے والے طیارے کا اس وقت کراچی ایئرپورٹ پر معائنہ کیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ رواں مہینے دوسرے بھارتی طیارے نے کراچی میں ایمرجنسی لینڈنگ کی ہے۔
اس سے قبل 5 جولائی کو دہلی سے دبئی جانے والے بھارتی نجی ایئر ‘اسپائس جیٹ’ کے طیارے نے فنی خرابی کے سبب کراچی میں ایمرجنسی لینڈنگ کی تھی، اسپائس جیٹ کی پرواز میں 138 مسافر سوار تھے۔