- Advertisement -

شیخ رشید عمران خان کا دشمن ہے، کسی کے کہنے پر آڈیو ریکارڈ کرائی: میاں جلیل شرقپوری

- Advertisement -

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مستعفی رکن پنجاب اسمبلی میاں جلیل شرقپوری نے کہا ہے کہ شیخ رشید عمران خان کا دشمن ہے، شیخ رشید نے کسی کے کہنے پر آڈیو ریکارڈ کرائی۔
گزشتہ کافی عرصے سے ن لیگ سے ناراض رہنے والے مستعفی رکن صوبائی اسمبلی جلیل شرقپوری نے جاری کردہ ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ عمران خان کو پہلے بتا دیا تھا کہ علیم خان آپ کے ساتھ نہیں ہیں۔
جلیل شرقپوری نے واضح طور پر کہا کہ شیخ رشید سے میرا کوئی تعلق یا واسطہ نہیں ہے اور میری ان سے کوئی بات بھی نہیں ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ میں نے مذاق میں با ت کی ہے، شیخ رشید نے پری پلان کسی کے کہنے پر یہ سب کچھ کیا ہے، مسلم لیگ (ن) سے میرا اختلاف ہے، نواز شریف کی سیاست سے میں اختلاف رکھتا ہوں، میں نے کہا بزدار کے خلاف عدم اعتماد میں ساتھ نہیں دوں گا، عثمان بزدار ایک شریف آدمی ہے۔
میاں جلیل شرقپوری نے چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ شیخ رشید قرآن پر ہاتھ رکھ کر کہے میں نے مذاق میں بات کی ہے۔
پرویز مشرف نے میرے پیچھے بندے لگائے، زمان کو میں جانتا ہی نہیں ہوں، شیخ رشید کو میں نے ٹی وی پر دیکھا ،زندگی میں ایک بار ملاقات ہوئی، میں نے پرویز الہٰی کو کہا تھا کہ میں نے ق لیگ میں شامل نہیں ہونا۔
مستعفی رکن پنجاب اسمبلی جلیل شرقپوری نے کہا کہ عمران خان نے خود کہا کہ ہم نے آپ کو کھڑا کرنا ہے، میں نے کبھی مسلم لیگ ن سے ٹکٹ نہیں مانگا، میرا کوئی گروپ نہیں ہے، حمزہ شہباز کو میں پسند کرتا ہوں، شریف آدمی ہے لیکن حمزہ شہباز کے ہاتھ میں کچھ نہیں ہے۔
ویڈیو بیان میں جلیل شرقپوری نے کہا کہ سب کچھ مریم نواز کے ہاتھ میں ہے جسے میں پسند نہیں کرتا ہوں۔
واضح رہے کہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کی ن لیگ کے سابق رکن پنجاب اسمبلی میاں جلیل شرقپوری سے متعلق مبینہ آڈیو سوشل میڈیا پر لیک ہوئی ہے۔ جلیل شرقپوری نے گزشتہ روز ہی صوبائی اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دیا ہے۔