تین سمارٹ فون کمپنیوں کا پاکستان میں اپنے مینوفکچرنگ پلانٹ لگانے کا اعلان

حکومت کی جانب سے موبائل مینوفکچرنگ پالیسی کی منظوری اور ٹیکس میں چھوٹ دئیے جانے کے بعد تین بین الاقوامی موبائل ساز کمپنیوں نے اپنے مینوفکچرنگ پلانٹ پاکستان میں لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق معروف موبائل فون ساز کمپنیوں ائیر لنک، ایڈوانس ٹیلی کام اور ویوو نے پاکستان میں اپنے مینوفکچرنگ پلانٹ لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ مذکورہ سمارٹ فون کمپنیوں نے پاکستان میں اپنے پلانٹ لگانے کا فیصلہ حکومت ِ پاکستان کی جانب سے دئیے جانے والی ٹیکس میں چھوٹ کی وجہ سے کیا۔ یاد رہے کہ گزشتہ برس حکومت نے موبائل فون ساز کمپنیوں کو اپنے سمارٹ فون پاکستان میں اسیمبل اور مینوفکچر کرنے کے لیے ٹیکس پر خصوصی چھوٹ دینے کا اعلان کیا تھا۔
حکومت نے موبائل فون ساز بین الاقوامی کمپنیوں کو سمار ٹ فونز کی ڈومیسٹک فروخت میں 4 فیصد ٹیکس میں چھوٹ کا فیصلہ کیا تھا۔

حکومت کے اس فیصلے نے ویوو، ائیر لنک اور ایڈوانس ٹیلی کام جیسی انٹرنیشنل کمپنیوں کی توجہ حاصل کی اور اِن کمپنیوں نے پاکستان میں مینوفکچرنگ کا آغاز کرنے کا اعلان کیا۔ یہ بھی یاد رہے کہ کابینہ نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ موبائل فون مینوفکچرنگ پالیسی کی منظور دی تھی۔ حکومت نے مذکورہ نئی پالیسی بھارت سے درآمد کیے جانے والے سستے سمارٹ فون سے پاکستان کی مقامی مارکیٹ کو پہنچنے والے نقصان کو ختم کرنے کے لیے منظور کی تھی۔

خیال رہے کہ اِس سے قبل گزشتہ حکومتوں نے بھی بین الاقوامی سمارٹ فون کمپنیوں کو پاکستان میں اپنے پلانٹ لگانے کی پیش کش کی تھی، لیکن ٹیکس میں خاطر خواہ چھوٹ نہ دینے کی وجہ سے کسی بھی بین الاقوامی کمپنی کے ساتھ حکومت کا معاہدہ طے نہیں پا سکا تھا۔ یاد رہے کہ گزشتہ برس اسمارٹ فونز بنانے والی عالمی شہرت یافتہ کمپنیوں ہواوے اور اوپو نے بھی پاکستان میں اسمارٹ فونز کی پیداوار کے لیے پلانٹ لگانے کا اعلان کیا تھا۔ او پو موبائلز کے سی ای او کا کہنا تھا کہ موبائل فونز کی پاکستان میں پیداوار سے نہ صرف صارفین کو اچھی نوعیت کے اسمارٹ فون دستیاب ہوں گے جبکہ چار ہزار لوگوں کو روزگار بھی حاصل ہو گا۔

تبصرے
Loading...