حکومت نے متعدد بڑے چینلز کے اشتہارات روکنے کا اعلان کر دیا

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے صحافیوں کے مطالبے پر منگل تک جیو، ایکسپریس اور بول سمیت متعدد بڑے ٹی وی چینلز کے اشتہارات روکنے کا اعلان کردیاتفصیلات کے مطابق جب سے نئی حکومت آئی ہے ،تب سے میڈیا غیرمعمولی صورتحال کا سامنا کررہا ہے۔اس وقت میڈیا ہاوسز کافی مشکلات کا شکار ہیں۔

موجودہ حکومت سابق حکومت کی جانب سے دئیے گئے اشتہارات کے پیسے نہیں دے رہی جبکہ خود بھی اشہارات دینے کے حوالے سے کافی کنجوسی کا مظاہرہ کررہے ہیں جس کی وجہ میڈیا کو غیر معمولی حالات کا سامنا ہے۔ ڈالرز کی قیمت بڑھ رہی ہے جس کی وجہ سے نیوز پرنٹ مہنگا ہورہا اور اخبارات اپنے صفحات کم کررہے ہیں۔اس ساری صورتحال کے باعث میڈیا ہاوسز شدید مشکلات کا شکار تھے اور انکی جانب سے میڈیا ورکرز کو نکالنے کا سلسلہ شروع ہوچکا تھا۔

اس موقع پرمیڈیا کی حالت زار اور مسائل ایک اہم موضوع بن چکے تھے۔جو میڈیا ہاوسز صحافیوں کو نکال نہیں رہے انکی جانب سے تنخواہوں میں کٹوتیاں کی جارہی ہیں۔گزشتہ دنوں ڈان میڈیا گروپ نے اپنے میڈیا ورکرز کی تنخواہوں پر 40 فیصد کٹوتی نافذ کی ۔اس کے علاوہ سکرین کے بڑے نام اس معاشی بحران سے تنگ ہو کر یا تو میڈیا چھوڑ رہے ہیں یا چینلز خود ان کی خدمات لینے سے معذرت کررہے ہیں۔

انہی بڑے ناموں میں نصرت جاوید ، مطیع اللہ جان اور سید طلعت حسین جیسے بڑے نام شامل ہیں۔اس سارے بحران میں سب سے زیادہ متاثر میڈیا ورکر ہو رہا ہے جن کو یا تو نوکریوں سے ہاتھ دھونا پڑ رہا ہے یا انکی تنخواہوں میں کٹوتیاں کی جا رہی ہیں یا ان کی تنخواہیں انکو ادا نہیں کی جا رہیں۔اس پر آج صحافیوں نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کے سامنے شدید احتجاج کیا اور انکو پریس بریفنگ دینے سے روک دیا ۔

صحافیوں کا کہنا تھا کہ اگر آپ ہماری بات سننے میں دلچسپی نہیں رکھتے تو ہمیں بھی آپ کی باتوں سے کوئی سروکار نہیں ہے۔صحافیوں نے اپنا مسئلہ وفاقی وزیر کے سامنے رکھا اورکہا کہ حکومت کا نام لے کر میڈیا ورکرز کا استحصال کیا جا رہا ہے۔اس کو روکنے کے لیے حکومت کو چاہیے کہ ان بڑے میڈیا ہاوسز کے اشتہارات بند کرنے کا اعلان کرے جو اپنے ورکرز کو نکال رہے ہیں یا ان کو تنخواہیں نہیں دے رہے۔

اس پر وفاقی وزیر نے معاملات کے حل ہونے کے لیے منگل تک وقت مانگ لیا اور اس موقع پر انہوں نے صحافیوں کے کہنے پر جیو، ایکسپریس اور بول سمیت متعدد بڑے ٹی وی چینلز کے اشتہارات روکنے کا اعلان کردیا۔منگل تک نادہندہ چینلز کو کسی قسم کا کوئی حکومتی اشتہار جاری نہیں کیا جائے گا۔ویڈیو ملاحظہ کریں۔

اس وقت سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں