وزیراعظم کی اقبالیات اور اسلام تاریخ کے مضامین نصاب میں شامل کرنے کی ہدایت

وزیراعظم عمران خان نے نصاب میں اقبالیات اور اسلام کے مضامین تاریخ شامل کرنے کی ہدایت کی ہے جس کا مقصد نوجوان نسل کو اسلام کی تاریخ، مسلمانوں کے سنہری دور اور علامہ اقبال کے افکار سے روشناس کرانا ہے۔

انہوں نے یہ بات آج اسلام آباد میں نوجوان نسل کو اسلامی تاریخ اور علامہ اقبال کے فلسفے اور تصورات سے آگاہ کرانے سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔وزیراعظم نے کہاکہ اقبال کا فلسفہ انسان کو سوچنے کی آزادی دیتا ہے اور سوچ کے عمل کو مضبوط بناتا ہے۔

عمران خان نے کہاکہ ریاست مدینہ کے اصول آج بھی اسی طرح قابل عمل ہیں جیسے ظہور اسلام کی ابتدا میں تھے اوران سے مسلمانوں نے انتہائی قلیل عرصے میں دنیا پر حکمرانی کی ۔وزیراعظم نے کہاکہ ہم ریاست مدینہ کے اصولوں کی پیروی کرکے اپنی کھوئی ہوئی عظمت رفتہ حاصل کرسکتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ مذہب اخلاقی اقدار کا درس دیتا ہے اور یہ سماجی واقتصادی انحطاط کے باعث زوال پذیر ہیں۔

وزیراعظم نے کہاکہ بدعنوانی اس اخلاقی زوال پذیری کی عکاس ہے ۔عمران خان نے کہاکہ عوام میں تاریخ اور حقائق کے بارے میں معلومات میں کمی سے گمراہ عناصر انھیں اپنے ذاتی مفادات کیلئے استعمال کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اسی طرح بعض عناصر اپنے ذاتی مقاصد کیلئے قبائلی علاقوں کے لوگوں کے مسائل اور بعض سیاستدان اپنے سیاسی مفادات کیلئے بھی اسلام کو استعمال کررہے ہیں۔

اس وقت سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں