پاکستان میں بینک سے رقوم نکلوانے کا جدید اور آسان ترین طریقہ متعارف کروا دیا گیا

بینک اسلامی نے پاکستان میں پہلی مرتبہ ’’ون ٹچ بینکنگ‘‘ متعارف کروا دی

کراچی (ویب ڈیسک) بینکنگ انڈسٹری میں اعلیٰ درجے کے حامل ٹیکنالوجی سلوشنز کے بڑھتے ہوئے استعمال کے پیش نظر بینک اسلامی نے ون ٹچ بینکنگ کے ساتھ بینکنگ انڈسٹری میں ایک بڑی کامیابی حاصل کی ہے جو ایک مکمل بائیو میٹرک سہولت ہے جس سے صارفین صرف انگوٹھے کے نشان کے ذریعے تمام بینکنگ سہولیات حاصل کر سکیں گے۔ بینک اسلامی نے پاکستان میں پہلی مرتبہ ون ٹچ بینکنگ متعارف کرائی ہے جس میں صارف اے ٹی ایم اور چیک بک کے بغیر تمام بینکنگ سہولیات حاصل کر سکیں گے۔

کراچی میں منعقدہ ایک تقریب میں بینک اسلامی کے صدر و سی ای او نے بینک کی اعلیٰ انتظامیہ اور بینک اسلامی کے برانڈ ایمبیسیڈر معین خان کے ہمراہ اپنی ایڈوانسڈ ٹیکنالوجی کی حامل ون ٹچ بینکنگ سلوشن کا افتتاح کیا۔
ون ٹچ بینکنگ محفوظ اور تیز ترین لین دین کے ایک مضبوط میکنزم ہے جس کا مقصد کسٹمر کے لئے آسانی پیدا کرنا ہے، اب صارفین کے پاس ان کے انگوٹھے کے باعث بینکنگ سہولیات موجود ہوں گی۔

یہ سہولت صارفین کو اے ٹی ایم اور چیک بُک کی ضرورت کے بغیر انگوٹھے کے نشان کے استعمال کے ذریعے اے ٹی ایم مشین اور کیش کائونٹر سے نقد رقوم کے حصول، بینکوں کے مابین فنڈز کی منتقلی، پے آرڈرز کے اجراء، یوٹیلٹی بلوں کی ادائیگی، موبائل ٹاپ اپ یا غیر فعال اکائونٹ کو فعال کرنے سمیت کسی بھی لین دین کے قابل بنائے گی۔ بینک اسلامی کے صدر و سی ای او سید عامر علی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ہمیشہ اپنے صارفین کو اعلیٰ بینکنگ سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کی ہے اور ہمیں یقین ہے کہ ایک مرتبہ پھر ہماری ون ٹچ بینکنگ سہولت ہمارے صارفین کے لئے بینکنگ کو آسان بنائے گی جو پہلے نہیں تھی، جیسے کہ آپ جانتے ہیں کہ آپ کا انگوٹھا ہی اب آپ کا بینک ہے۔

بینک اسلامی نے اپنے آغاز سے ہی بائیو میٹرک بینکنگ سہولت کا اجراء کیا تھا جس کے لئے اسے انٹرنیشنل فنانس میگزین کی طرف سے ’’Most Innovative Banking Solution Provider in Pakistan‘‘ کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔ بینک اپنے صارفین کی بہتر خدمت کے لئے نئی منازل تلاش کرتے ہوئے ٹیکنالوجی کی تبدیلی پر توجہ جاری رکھے گا۔

اس وقت سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں