کراچی کنگز کی لانچنگ تقریب، پی ایس ایل ٹائٹل جیتنے کیلئے پُر جوش

کراچی کنگز نے طویل انتظار کے بعد بالآخر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چوتھے سیزن کے لیے ٹیم کی نئی کٹ کی رونمائی کردی، جبکہ ٹیم کا نیا گانا بھی ریلیز کردیا۔

کراچی کے ایک فائیو اسٹار ہوٹل میں کراچی کنگز کی لاؤنچنگ تقریب ہوئی جس میں ٹیم کی کٹ کی رونمائی کی گئی جبکہ نیا گانا بھی ریلیز کیا گیا جو معروف گلوکار شہزاد رائے نے گایا۔

اس موقع پر کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال، چیف ایگزیکٹو آفیسر طارق وصی، کپتان عماد وسیم، کوچ مکی آرتھر اور ڈائریکٹر وسیم اکرم سمیت دیگر کھلاڑیوں نے بھی شرکت کی۔

ایونٹ میں فلم اور ٹی وی سے تعلق رکھنے والے ستارے بھی اپنے رنگ بکھیرتے ہوئے دکھائی دیے۔

کراچی کنگز کے جو کھلاڑی ایونٹ میں شریک ہوئے ان میں محمد عامر، بابر اعظم، محمد رضوان اور عثمان شنواری شامل تھے۔

اس موقع پر کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے  پی ایس ایل ٹائٹل اپنے نام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

انہوں نے کراچی سمیت پورے پاکستان سے پی ایس ایل کے شائقین پر میچز دیکھنے کے لیے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور پاکستان کے میدانوں کا رخ کرنے پر زور دیا۔

ٹیم کے ڈائریکٹر وسیم اکرم کراچی کنگز کے کھلاڑیوں اور ٹیم آفیشلز کا جوش بڑھاتے ہوئے دکھائی دیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’میں بطور ڈائریکٹر اپنی ٹیم کے ذہن میں ایک بات ڈالوں گا کہ ہار جیت میچ کا حصہ ہے، اس کا سوچے بغیر آپ کو میچ کی آخری گیند تک لڑنا ہے‘۔

اس موقع پر ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی صلاحیت سے مطمئن نظر آئے۔

مکی آرتھر کا ویڈیو پیغام میں کہنا تھا کہ میں گزشتہ تین سیزن سے اس ٹیم کے ساتھ ہوں اور یہ ہر گزرتے سیزن کے ساتھ بہتر ہوتی جارہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ اس مرتبہ پی ایس ایل کا ٹائٹل جیتنے کے لیے پُر امید ہیں۔

 

اس وقت سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں