ولادیمیر پیوٹن دنیا بھر کی جمہوریتوں کو دھمکا رہے ہیں: مائیک پومپیو

امریکا کے اسٹیٹ سیکریٹری مائیک پومپیو کا کہنا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن دنیا بھر کی جمہوریتوں کو دھمکا رہے ہیں۔

فرانسیسی خبررساں ادارے ’ اے ایف پی‘ کے مطابق مائیک پومپیو نے سلواکیا کے دارالحکومت براٹیسلاوا میں صحافت کے طالبعلموں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’ ولادیمیر پیوٹن دنیا بھر کی جمہورتوں کو کمزور کرنے کی کوشش میں ہیں، اس حوالے سے کوئی غلطی نہیں کریں، ہمیں تیار رہنا ہوگا‘۔

دورے کے دوران مائیک پومپیو ہنگری، سلواکیا اور پولینڈ میں ماسکو اور بیجنگ کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کو کم کرنے پر توجہ مرکوز رکھیں گے۔

مائیک پومپیو نے سلواکیا کے عوام کو سیاسی نظام پر اثرانداز ہونے میں چین کی اقتصادی اور دیگر کوششوں سےحفاظت کی ضرورت سے بھی آگاہ کی

مائیک پومپیو 3 دہائیاں قبل کمینوزم کے خاتمے میں امریکا کے کردار پر روشنی ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں۔ خیال رہے کہ مائیک پومپیو گزشتہ 14 برس میں سلواکیا کا دورہ کرنے والے پہلے امریکی اسٹیٹ سیکریٹری ہیں۔

انہوں نے سلواکیا کے دورے کے دوران آسٹریا سے ملحقہ سرحد پر بابِ آزادی میں ایک یادگاری تقریب 5 سابق سیاسی قیدیوں سے ملاقات کی، اس مقام پر 1945 سے لے کر 1989 تک مغرب جانے والے آہنی پردے کو توڑنے کی کوشش میں 4 سو افراد ہلاک ہوئے تھے۔

مائیک پومپیو نے کہا کہ ’ وہ جگہ جہاں کانٹے دار تار اور مسلح گارڈ کھڑے ہوتے تھے آج وہاں لوگ، سامان اور اطلاعات کی باآسانی آمدورفت جاری ہے‘۔ انہوں نے کہا کہ ’ امریکا سلواکیا کے عوام کے ساتھ ایک دوست اور شراکت دار کے طور پر گزشتہ 30 سال سے کھڑا رہا ہے اور ہم آئندہ دہائیوں میں بھی آپ کے ساتھ کھڑے رہیں گے‘۔

اس موقع پر سلواکیا کے صدر آندرے کیسکا نے امریکا کو ’ اہم شراکت دار اور اتحادی ‘ قرار دیا ۔

مائیک پومپیو کے ہمراہ سفر کرنے والے سینئر امریکی عہدیدار نے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ ایشیا جیسی حکمت عملی اپنانی چاہتی ہے، جہاں امریکا سالوں سے چین کی طاقت کو روکنے کی کوشش کررہا ہے۔ انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ ’ اس حکمت عملی کی توجہ ان خطوں پر مرکوز ہے جہاں ہمارے حریف چینی اور روسی مواقع حاصل کررہے ہیں، ہم وہاں سفارتی، فوجی اور ثقافتی کردار کو بڑھانا چاہتے ہیں‘۔

عہدیدار کا کہنا تھا کہ واشنگٹن وسطی یورپ میں آزادی صحافت کے خاتمے پر تشویش کی وجہ سے آزاد میڈیا کو فروغ دینے کا ارادہ رکھتا ہے۔

مائیک پومپیو نے ہنگری میں وزیراعظم وکٹر اوربان کی حکومت سے روس سے تعلقات اور چینی ٹیلی کام کمپنی ہواوے سے معاہدتے پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔

ہنگری کے وزیر خارجہ نے پومپیو کی جانب سے قریبی تعلقات اور دفاعی تعاون کے وعدے کا خیرمقدم کیا لیکن روس اور چین سے تعلقات پر تنقید کو بھی دور کیا۔ انہوں نے کہا کہ ماسکو سے تعلقات پر مغرب کی تشویش کافی منافقت ہے،انہوں نے مزید کہا کہ مغربی یورپ روس کے ساتھ توانائی کے معاہدے کررہا ہے۔

مائیک پومپیو سلواکیا کے دورے کے بعد پولینڈ جائیں گے جہاں وہ مشرق وسطیٰ پر کانفرنس کی مشترکہ میزبانی کررہے ہیں، یہ کانفرنس ایران سے متعلق ڈونلڈ ٹرمپ کے سخت موقف اور اسرئیل کے لیے حمایت کو فروغ دے گی۔

اس وقت سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں
تبصرے
Loading...