- Advertisement -

شر پسندی کسی بھی قسم اورکسی کی طرف سے بھی ہو قابل مذمت ہے، سعدیہ دانش

- Advertisement -

سیکریٹری اطلاعات پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان سعدیہ دانش نے کہا ہے کہ شر پسندی کسی بھی قسم اورکسی کی طرف سے بھی ہو قابل مذمت ہے، گلگت کا امن ہم سب کی ضرورت اور ذمے داری ہے۔
حالیہ واقعات کے تناظر میں جاری اپنے ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے تمام اضلاع کا امن گلگت کے امن سے مشروط ہے، ہم سب کو امن و امان کو بحال رکھنے کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے تاکہ یہ آگ اور خون کا کھیل معصوم زندگیوں کو اپنی لپیٹ میں نہ لے سکے۔
انھوں نے کہا بحیثیت انسان انسانیت ہی سب سے بڑا مذہب اور مسلک ہے اور کوئی بھی مذہب یا مسلک انتہا پسندی اور خون خرابے کی ترغیب نہیں دیتا۔ اگر ہم ایک دوسرے کے عقائد ونظریات کا احترام کریں اور صلہ رحمی اور بھائی چارگی کو فروغ دیں تو یہ علاقہ امن و سلامتی کا مرکز بن جائے گا امن و سکون ہی اس علاقے کی تعمیر و ترقی اور استحکام کا ضامن ہے اور ہماری نسلوں کے محفوظ اور خوشحال مستقبل کا انحصار بھی امن و امان پر ہے۔ سعدیہ دانش نے زور دیا کہ صبر و تحمل اور برداشت کو فروغ دے کر قیمتی انسانی جانوں کو بچائیں کیونکہ جانے والا کبھی لوٹ کر نہیں آتا اور اس نقصان کا کوئی بھی ازالہ ممکن نہیں ہے۔