- Advertisement -

گلگت بلتستان میں موسلا دھار بارشوں اور شدید گرمی کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اور سیلاب

- Advertisement -

گلگت بلتستان میں موسلا دھار بارشوں اور شدید گرمی کی لہر کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اور سیلابوں کا نہ تھمنے والا سلسلہ جاری ہے۔
ضلع غذر کے نواحی گاؤں جولیجال داہیمل میں سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی۔ مختصر دورانیے کی موسلادھار بارش کے بعد آنے والا سیلاب متعدد مکانات، پھل دار درختوں کے باغات اور کھڑی فصلوں کو بہا لے گیا۔ واقعے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت آفت زدہ جگہوں سے متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا۔
سیلاب سے گاؤں جولیجال کے گھروں میں پانی داخل ہوگیا، جس کے باعث نصف درجن سے زائد گھر مکمل طور پر تباہ ہوگئے، جبکہ متعدد گھروں کوجزوی طور پر نقصان پہنچا۔
سیلاب کا پانی کھیتوں اور باغات میں داخل ہونے کی وجہ سے سینکڑوں پھلدار درختوں اور کھڑی فصلوں کو بھی نقصان پہنچا ہے، جس کے باعث زمینداروں کولاکھوں روپے مالیت کا نقصان ہوا ہے۔
سیلاب متاثرین کا کہنا ہے کہ انتطامیہ جلد از جلد امدادی کاروائیاں شروع کر کے ہمارے نقصانات کا ازالہ کریں۔
دوسری جانب داہیمل میں ہی رینگلی کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ سے غذر روڈ ہر قسم کی آمدورفت کے لئے بند ہو گئی جس کے بعد گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
پریشان حال مسافروں نے انتظامیہ سے جلد از جلد سڑک کھولنے کی اپیل کی ہے۔