واٹس ایپ، فیس بک اور انسٹا گرام کی سروس متاثر

کراچی (نیوز ڈیسک) سوشل میڈیا کی مقبول ایپ واٹس ایپ کے صارفین کو رات دیر سے پیغامات بھیجنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ملکوں میں واٹس ایپ کے کمپیوٹر سرورز ڈائون ہوگئے جس سے صارفین کو نہ صرف پیغامات بلکہ تصاویر اور ویڈیوز بھیجنے میں شدید مشکلات پیش آئیں،

دنیا بھر میں مختلف سروسز کی نگرانی کرنے والے آزاد ادارے ڈائون ڈیٹیکٹر کو مختلف ملکوں سے واٹس ایپ، فیس بُک اور انسٹا گرام بند ہونے کی ایک ہزار سے زائد شکایات موصول ہوئیں۔ واٹس ایپ کی مالک کمپنی فیس بک کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ہنگامی بنیادوں پر مسائل حل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ واٹس ایپ بند ہونے کی سب سے زیادہ شکایات امریکا، برطانیہ اور یورپ سے موصول ہوئیں تاہم دنیا کے دیگر ملکوں میں بھی سرورز نے کام چھوڑ دیا۔


ایک اندازے کے مطابق فیس بک کے ایک تہائی افراد کو ٹوٹل بلیک آﺅٹ کا تجربہ ہوا جبکہ دیگر اپنے نیوز فیڈ کو ریفریش کرنے یا اکاﺅنٹس میں لاگ ہونے میں ناکام رہے۔

اسی طرح لاگ ان صارفین کو تصاویر اپ لوڈ کرنے، اسٹیٹس پوسٹ کرنے یا کسی پیج کو اپ ڈیٹ کرنے میں مشکلات کا سامنا ہوا۔

یہی مسئلہ انسٹاگرام اور میسنجر کے صارفین کو بھی پیش آیا۔

میسنجر میں بیشتر صارفین سرور سے کنکٹ ہونے کی ناکام کوشش کرتے رہے جبکہ جو لاگ ان تھے ان کے چیٹ میسجز آگے جا نہیں سکے۔

کئی گھنٹوں بعد فیس بک کے ایک ترجمان نے بتایا کہ کمپنی اس سے آگاہ ہے کہ فیس بک ایپس کے استعمال میں کچھ افراد کو مشکلات کا سامنا ہے اور ہم اس مسئلے کو جلد از جلد دور کرنے کے لیے کام کررہے ہیں۔

تاہم کچھ صارفین کو یہ پیغام ملا کہ فیس بک مرمت کے لیے ڈاﺅن ہے اور آپ چند منٹ بعد واپس آئیں، آپ کے تحمل کا شکریہ۔

اس وقت سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں