پی آئی اے کو دنیا کی بہترین ایئرلائن بنانے کے لیے شاندار منصوبے کے آغاز کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں

کراچی(ویب ڈیسک) پی آئی اے نے 18نئے جہاز لینے اور نئے روٹ کھولنے کی منصوبہ بندی مکمل کر لی۔ پی آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ منصوبے کا ڈرافٹ مارچ کے اختتام تک مکمل کر لیا جائے گا۔ قومی ائیر لائن کے بیڑے میں 18نئے جہاز شامل کیے جائیں گے۔ بتایا گیا ہے کہ نئے جہاز لیز پر لیے جائیں گے۔ منصوبے میں نئے فضائی روٹ کھولنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے اور کم منافع والے روٹ بند کرنے کی تجویز بھی زیرِغور لائی جا رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق فیصلہ کیا گیا ہے ایسے روٹ کھولے جائیں گے جن سے زیادہ منافع کمائے جانے کی گنجائش ہو۔ جیسے ہی منصوبے کا ڈرافٹ مکمل ہو جائے گا اسے منظوری کے لیے وفاقی کابینہ کو بھیج دیا جائے گا ۔ منصوبے میں ادارے کے خسارے کو ختم کرنے کے لیے بھی تجاویز دی گئی ہیں۔
ابتدائی طور پر سالانہ اخراجات کم کر کے 2ارب77کروڑ روپے کی بچت کی جائے گی اور روٹس کی تعداد بھی بڑھائی جائے گی۔

اخراجات مین اس کمی کے علاوہ اگلے پانچ سالوں میں مزید اخراجات کم کرنے کے لیے مختلف حوالوں سے بچت کا بھی منصوبہ بنایا گیا ہے۔ پی آئی نے فیصلہ کیا ہے کہ دوسرے ممالک جو پاکستانی روٹ استعمال کرتے ہیں ان سے روٹ کا کرایہ بھی زیادہ وصول کیا جائے گا اور یہ کرایہ ڈالر کی بجائے پاکستانی روپے میں وصول کیا جائے گا۔ منصوبے میں پی آئی اے کے گراوٴنڈکے ہوئے 6طیاروں کو ٹھیک کر کے دوبارہ بیڑے میں شامل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے یاد رہے کہ دو 777،دوA320اور دو ATRطیارے گراوٴنڈڈ ہیں۔

نئے18طیارے شامل کیے جانے کے بعد پاکستان ائیر لائن میں طیاروں کی تعداد32سے بڑھ کے 50ہو جائے گی۔ منصوبہ میں ایک اور تجویز دی گئی ہے کہ پی آئی اے کے ٹکٹ بکنگ کے دفاتر اور جہازوں کے تیل کے ڈپو بھی کراچی سے اسلام آباد منتقل کر دیے جانے چائیں۔

اس وقت سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں