عمران خان کی بڑی کامیابی … ٹرمپ انتظامیہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو رہا کرنے پر آمادہ تحریک انصاف کی حکومت کی بیک ڈور ڈپلومیسی ،،کام کر گئی

لاہور(رپورٹ:اسد مرزا)انتہائی معتبر ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ امریکا میں قید قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو ٹرمپ انتظامیہ پاکستان کے حوالے کرنے پر آمادہ ہو گئی ہے ۔امکان ہے کہ ڈاکٹر عافیہ کو دو دن بعد 16 مارچ کو پاکستان کے حوالے کر دیا جائیگا۔اس سلسلہ میں تحریک انصاف کی حکومت وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ایک بڑی کامیابی حاصل کرنے جا رہی ہے ۔

ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن سے قریبی تعلقات کے شبہ میں سابق صدر جنرل (ر)پرویز مشرف کے دور میں امریکا کے حوالے کیا گیاتھا جو پہلے اسے افغانستان اور پھر امریکا لے گئے ۔ڈاکٹر عافیہ کی افغانستان موجودگی کا انکشاف تحریک انصاف کے قائد عمران خان نے ایک غیر ملکی کاتون صحافی کے حوالے سے کیا تھاجس پر قومی سطح پر عمران خان سمیت سیاسی رہنماؤں اور مذہبی حلقوں نے احتجاج کیا لیکن انکے احتجاج کا کسی نے نوٹس نہ لیا اور ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو امریکاحکام نے من پسند کی عدالت میں قید کی سزا سنائی تھی۔

ڈاکٹر عافیہ صدیقی جو طویل عرصہ تک امریکا میں مقیم رہیں،القاعدہ سے تعلق کے شبہ میں امریکی حکومت نے انہیں گرفتار کرنے کا عندیہ دیا اور سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کی حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو امریکا کے حوالے کیا جائے ۔دوسری جانب پاکستان میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی بارے رائے عامہ ہمیشہ ہموار رہی ہے ۔تحریک انصاف کے قائد عمران خان نے اپوزیشن لیڈر ہوتے ہوئے بھی ڈاکٹر عافیہ کو امریکا سے لانے کے لئے آواز بلند کی ،اس دوران ڈاکٹر عافیہ کی بہن ڈاکٹرفوزیہ صدیقی نے عمران خان سے ملاقات کی تھی جس پر عمران خان نے ان سے وعدہ کیا کہ وہ اقتدار میں آکر ڈاکٹر عافیہ کو پاکستان لا کر رہیں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ دنوں ڈاکٹرفوزیہ صدیقی نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی اور انہیں عمران خان کا ڈاکٹرعافیہ کو واپس لانے کا وعدہ یاد دلوایا تھا ۔

جس پرشاہ محمود قریشی نے اس یقین کا اظہار کیا کہ تحریک انصاف کی حکومت امریکا سے بات چیت کر رہی ہے اور امریکا میں پاکستانی سفارتی عملہ بھی امریکی انتظامیہ سے رابطے میں ہے جبکہ جیل میں ڈاکٹر عافیہ سے بھی ملاقاتیں بھی ہوتی ہیں ،انہیں یقین ہے کہ وہ جلد ڈاکٹر عافیہ کو پاکستان لانے میں کامیاب ہو جائینگے ۔اس طرح تحریک انصاف کی حکومت ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو امریکی حراست سے رہا کرانے میں کامیاب ہو گئی ہے

اس وقت سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں