آنسوں پیتے پیتے مکھیاں خاتون کی آنکھ میں کیسی چلی گئیں؟ جان کر آپ حیران رہ جائیں گے

عام طور پر مکھیاں یا حشرات انسان کی آنکھوں کے ارد گرد گھومتے دکھائی دیتے ہیں، تاہم بعض مرتبہ کچھ حشرات انتہائی حساس عضو آنکھ کے اندر بھی چلے جاتے ہیں۔
ایسا ہی کچھ منفرد واقعہ تائیوان میں بھی پیش آیا، جہاں ایک خاتون کی بائیں آنکھ میں 4 ملی میٹر لمبی کیڑوں کی مانند دکھائی دینے والی مکھیاں چلی گئیں۔
امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ کے مطابق ’ہی‘ نامی خاتون کی بائیں آنکھ میں اس وقت 4 مکھیاں چلی گئیں جب وہ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ ایک جگہ پر دورے پر گئیں۔
متاثرہ خاتون نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ ابتدائی طور پر انہیں شک ہوا کہ ان کی آنکھ میں کوئی کچرا چلا گیا ہوگا مگر چند گھنٹے گزرجانے کے باوجود ان کی آنکھوں کا درد کم نہیں ہوا اور ان کی آنکھ سے مسلسل پانی بہتا رہا۔
متاثرہ خاتون کے مطابق چند گھنٹوں تک درد رہنے کے باعث انہوں نے ہسپتال جانے کا فیصلہ کیا، اس دوران ایک لمحے کو انہیں یہ خیال بھی آیا کہ وہ مر جائیں گی۔
رپورٹ کے مطابق جب خاتون فوین ہسپتال پہنچیں تو ان کا چیک اپ کرنے والے ڈاکٹر کو ابتدائی طور پر پتہ چلا کہ ’ہی‘ کی آنکھ میں مرے ہوئے حشرات کے اعضاء چلے گئے ہیں۔
خاتون کا چیک اپ کرنے والے ڈاکٹر کے مطابق وہ تب حیران رہ گئے جب انہوں نے آنکھ میں نظر آنے والے کسی حشرات کے ٹوٹے ہوئے عضو کو نکالا تو وہ مکمل اور زندہ مکھی نما کیڑا تھا۔
ڈاکٹر نے مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے جیسے ہی متاثرہ خاتون کی آنکھ سے زندہ مکھی نکالی انہیں آنکھ میں مزید کچھ کالا نظر آیا اور انہوں نے اسے نکالا تو وہ بھی زندہ مکھی تھی۔
ڈاکٹر کے مطابق انہوں نے ایک ایک کرکے متاثرہ خاتون کی آنکھ سے 4 زندہ مکھیوں کو نکالا جن کی جسامت 4 سینٹی میٹر یعنی نصف انچ سے بھی کم تھی۔
ڈاکٹر کے مطابق انہوں نے مکھیوں کو نکالنے کے بعد ان پر مزید تحقیق کے لیے ایک لیبارٹری بھجوادیا ہے۔
{youtube}JKb7sFnpP4o{/youtube}
ساتھ ہی ڈاکٹر نے بتایا کہ اگر یہ مکھیاں خاتون کی آنکھ میں مرجاتی تو ان کی بینائی متاثر ہوسکتی تھی۔
خیال رہے کہ متاثرہ خاتون ’ہی‘ کی آنکھ سے نکالی گئی مکھیوں کو ’میٹھی مکھیاں‘ بھی کہا جاتا ہے، سائنسی اصطلاح میں ان کا نام ’ہیلیک ٹیڈا‘ ہے۔
یہ مکھیاں شہد کی مکھیوں کی طرح ہوتی ہیں اور انہیں کیڑوں کے طور پر بھی جانا جاتا ہے۔
یہ مکھیاں زمین کے شگافوں میں شہد کی مکھیوں کے چھتوں کی طرح گھر بساتی ہیں اور انہیں گھاس اور باغیچوں میں بھی پایا جاتا ہے۔
یہ مکھیاں عام طور پر انسانی پسینے اور آنسوں چوسنے کی شوقین ہوتی ہیں کیوں کہ ماہرین کے مطابق آنسوں اور پیسے میں ایک خاص طرح کا پروٹین ہوتا ہے۔
یہ تائیوان میں اپنی نوعیت کا پہلا منفرد واقعہ تھا جس میں خاتون کی آنکھ میں ہیلیک ٹیڈا چلی گئیں اور چند گھنٹوں تک آنکھ میں زندہ رہیں۔
یہ واقعہ رواں ماہ 3 اپریل کو پیش آیا تھا۔

اس وقت سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں