آصف زرداری اور نوازشریف کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں: شیخ رشید

وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ آصف زرداری اور نوازشریف کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں، گیس بجلی کی قیمتوں میں اضافہ نوازشریف او رزرداری کی وجہ سے ہے۔

وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اسد عمر جتنی محنت کرسکتے تھے انہوں نے کی، اسد عمرنے خود استعفی دیا جب کہ ایک وزیر کو تو نکالا گیا ہے، اسد عمرکے پاس جا کر درخواست کروں گا کہ وہ کابینہ کا حصہ رہیں پورٹ فولیو کی کوئی حیثیت نہیں تاہم عبد الحفیظ شیخ بھی بہت محنتی اور قابل شخصیت ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ آصف زرداری اور نوازشریف کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں، گیس بجلی کی قیمتوں میں اضافہ نوازشریف او رزرداری کی وجہ سے ہے۔

ملک کو چوروں، ڈاکوؤں نے اتنے برے طریقے سے لوٹا کہ اگر میں وزیراعظم ہوتا تواس خالی خزانے کا کیا کرتا، عمران خان کو 5 سال پورا کرتے ہوئے دیکھ رہا ہوں، جس پر نیب کے کیسز ہوں گے عمران خان اس کو برداشت نہیں کریں گے۔ ملک میں پارلیمانی نظام چل رہا ہے ہمیں اسی آئین کو آگے لے کرچلنا ہے۔

شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ ملک سرحدوں پرحملوں سے نہیں بلکہ معیشت تباہ ہونے سے ٹوٹتے ہیں جب کہ آئی ایم ایف پروگرام کے بغیر ملک نہیں چل سکتا، میں نے پہلے دن سے کہا تھا کہ آئی ایم ایف کے بغیر کوئی چارہ نہیں۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ کراچی سے پشاور تک ایم ایل ون ( مین لائن ون) پر وزیراعظم کی موجودگی میں چین میں دستخط ہوں گے، سفر کا دورانہ 8 گھنٹے رہ جائے گا، ریلوے مزید ڈیڑھ لاکھ لوگوں کو نوکریاں دینے جا رہی ہے، 24 تاریخ کو ریلوے کا بجٹ دوں گا۔

اس وقت سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں