جوان بیٹے کی موت، آبائی علاقے پہنچتے ہی قمر زمان کائرہ کا ضبط جواب دے گیا، ہر شخص کو آبدیدہ کر دیا

لالہ موسیٰ (ویب‌ڈیسک) جوان بیٹے کی موت، آبائی علاقے پہنچتے ہی قمر زمان کائرہ کا ضبط جواب دیے گیا، ہر شخص کو آبدیدہ کر دیا, مسلسل زار و قطار رونے کی وجہ سے رہنما پیپلز پارٹی کی طبیعت بگڑ گئی، دوست احباب نے سہارا دے کر ہمت بندھائی. تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ اپنے نوجوان بیٹے کی وفات کی خبر ملنے کے بعد جب آبائی علاقے لالہ موسیٰ پہنچے تو اس موقع پر ان کا ضبط جواب دے گیا۔

قمر زمان کائرہ جو بیٹے کی موت کی خبر ملنے پر خاموش رہے اور اپنے جذبات کو قابو میں رکھا، وہ اپنے گھر پہنچنے پر خود کے جذبات پر مزید قابو نہ رکھ پائے۔ لالہ موسیٰ میں اپنے گھر پر پہنچنے پر قمر زمان کائرہ زار و قطار رو دیے۔اس دوران ان کی طبیعت میں کچھ بگڑی، تاہم وہاں موجود دوست احباب نے انہیں سہارا دیا اور ان کی ہمت بندھائی۔

واضح رہے کہ قمر زمان کائرہ کا کا 18سالہ بیٹا اسامہ قمر جوکہ گورنمنٹ کالج لاہور میں فرسٹ ائیر کا طالب علم تھا، جمعہ کو اپنے دوستوں کے ہمراہ کھاریاں سے سفید رنگ کی گاڑی DS-447 میں واپس لالہ موسیٰ آرہا تھا کہ ٹراما سینٹر لالاموسیٰ کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سوار کو بچاتے ہوئے کار قابو میں نہ رکھ سکا جس کے نتیجے میں کار درخت سے جا ٹکرائی ۔

حادثے کے نتیجے میں اسامہ قمر کا جوگاڑی خود چلا رہا تھا موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ اس کا دوست حمزہ بٹ ٹراما سنٹر میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا جبکہ اسامہ کی گاڑی بری طرح تباہ ہوگئی ۔حادثہ کی خبر پھیلتے ہی ہسپتال میں سینکڑوں کی تعداد ان کے گھر پہنچے۔ قمر زمان کائرہ کو حادثے کی اطلاع اسلام آباد میں زرداری ہائوس میں پریس کانفرنس کے دوران دی گئی جس کے بعد وہ فوری لالہ موسیٰ چلے گئے دوسری جانب صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیر اعظم عمران خان ، پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ ، پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئر مین بلاول بھٹو زر داری ، سابق صدر آصف علی زر داری ، اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سمیت متعدد سیاسی رہنمائوں نے قمر زمان کائرہ کے بیٹے کے کار حادثے میں جاں بحق ہونے والے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔

وزیراعظم عمران خان نے قمر الزماں کائرہ کے جواں سال بیٹے کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا اور غمزدہ والدین اور خاندان کے صبر کی دعا کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جواں سال اسامہ قمر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔آئی ایس پی آر نے کہاکہ آرمی چیف نے سوگوار والدین کے لیے ناقابل تلافی صدمہ برداشت کرنے کی دعا کی۔چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے قمر زمان کائرہ سے ان کے بیٹے کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ جواں سال بیٹے کے انتقال کی اندوہناک خبر سن کر شدید صدمہ ہوا، خدا سے مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعاگو ہوں۔

اس وقت سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں