پولش آرمی چیف کی پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارتوں کی تعریف

پولینڈ کی مسلح افواج کے سربراہ کی جی ایچ کیو آمد پر آرمی چیف سے ملاقات ہوئی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پولش مسلح افواج کے سربراہ کی جی ایچ کیو میں ملاقات ہوئی۔ جی ایچ کیو آمد پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو سلامی پیش کی۔ پولینڈ کی مسلح افواج کے کمانڈر نے یادگار شہداء پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پولش کمانڈر نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارتوں کی تعریف کی اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی کامیابیوں کو سراہا۔ پولش کمانڈر نے خطے میں دیرپا امن و استحکام کیلئے پاک فوج کی کاوشوں کی بھی تعریف کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پولینڈ آرمڈ فورسز کے کمانڈر کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ اور علاقائی امن واستحکام کیلئے پاک افواج کا کردار قابل تحسین ہے۔

اس وقت سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں