اپوزیشن کی افطار پارٹی سے پریشان حکومت روزہ افطار کرنا بھی بھول گئی: خورشید شاہ

پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی ایک افطار پارٹی سے حکومت پریشان ہوگئی ہے اور حکمران روزہ افطار کرنا بھی بھول گئے ہیں۔

سندھ اسمبلی کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ اپوزیشن کی افطار پارٹی کے چکر میں حکمران اپنا روزہ کھولنا بھول گئے ہیں۔ کچھ لوگوں کو ہمارے خلاف بات کرنے کیلئے لگادیا گیا ہے۔

خورشید شاہ نے کہا کہ ملک میں لوگ رمضان کی وجہ سے خاموش ہیں، نہیں تو موجودہ حالات کے پیش نظر لوگ رمضان میں بھی نکلنے کو تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ پاکستان کی تاریخ میں آئی ایم ایف خود بجٹ بنارہا ہے۔ پچھلی حکومتوں کو ایڈوائس ملتی تھی، یہ پہلی دفعہ ہے کہ آئی ایم ایف پاکستان میں براجمان ہوگیا ہے۔

اس موقع پر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ وزیراعظم عمران نیازی کہتے تھے کہ پاکستانیوں گھبرانا نہیں ہے۔ وزیراعظم کہتے تھے کہ ایماندار حکومت آئے گی، قرضہ نہیں لے گی۔ آج اسٹیٹ بینک کی رپورٹ آئی ہے، اس پر تو بہت گھبرانا ہوگا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سرکلر ریلوے کو چلانے کیلئے سندھ حکومت نے بھرپور مدد کی۔ افسوس کہ کل کے اجلاس میں شیخ رشید نے کہہ دیا ٹرین سندھ حکومت چلائے گی۔

اس وقت سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں