دنیا کا وہ ملک جس کی معیشت اتنی خراب ہوگئی ہے کہ جرائم پیشہ افراد گولیاں بھی نہیں خرید سکتے

کراکس(مانیٹرنگ ڈیسک) وینزویلا تیل کی دولت سے مالامال ملک ہے لیکن حالیہ چند سالوں سے بدترین مالی بحران کا شکار ہے اور اب یہ بحران اس قدر سنگین ہو چکا ہے کہ وہاں جرائم پیشہ افراد کے پاس گولیاں خریدنے کے پیسے بھی نہیں رہے۔

انسائیڈر ڈاٹ کام کے مطابق ایسوسی ایٹڈ پریس نے وینزویلا کے دو گینگسٹرز کے ساتھ گفتگو کی ہے جنہوں نے بتایا ہے کہ باقی ملک کی طرح وہ بھی مالی بحران سے بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ اب نہ صرف یہ کہ ان کے پاس گولیوں کے پیسے نہیں بلکہ انہیں چوری کرنے اور ڈاکے ڈالنے سے بھی کچھ ہاتھ نہیں آتا کیونکہ لوگوں کے پاس کچھ رہا ہی نہیں، جو وہ چوری کر سکیں اور لوٹ سکیں۔

ڈاگ نامی ایک گینگسٹر نے بتایا کہ ”ہم کئی درجن لوگوں کو روک کر لوٹتے ہیں لیکن وہ سب کے سب خالی جیب ہوتے ہیں، گھروں میں چوری کرنے جاتے ہیں تو وہاں سے کچھ نہیں ملتا۔ “ رپورٹ کے مطابق اس وقت وینزویلا میں شہریوں کی فی کس آمدنی ساڑھے 6ڈالر ماہانہ رہ گئی ہے اور لوگ بھوک و افلاس کے ہاتھوں ملک چھوڑ کر بھاگ رہے ہیں۔ خواتین ٹیچرز، طالبات اور دیگر پیشوں سے وابستہ خواتین بڑی تعداد میں دیگر ہمسایہ ممالک میں جا کر جسم فروشی جیسے دھندے کرنے پر مجبور ہو چکی ہیں۔ یہی نہیں، بلکہ وینزویلا کے فوجی بھی بارڈر چھوڑ کر بھاگ کر دیگر ممالک میں جا رہے ہیں۔

اس وقت سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں