ائیرلائن ٹکٹ خریدنے کا وہ طریقہ جس کے ذریعے آپ ہزاروں روپے بچاسکتے ہیں

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) فضائی سفر کے لیے ٹکٹ خریدتے ہوئے وقت اور دیگر عوامل بہت اہم ہوتے ہیں، جو ٹکٹ کی قیمت پر اثرانداز ہوتے ہیں۔ اب ماہرین نے ایسا ہی ایک طریقہ بتا دیا ہے جس پرعمل کرکے آپ فضائی ٹکٹ میں ہزاروں روپے کی بچت کر سکتے ہیں۔ میل آن لائن کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ ”اگرآپ فضائی سفر کرنے جا رہے ہیں تو ڈائریکٹ پرواز کی بجائے سٹاپ اوور والی پرواز کا ٹکٹ بک کروائیں۔ جو فلائٹ راستے میں کسی ایک یا زائد جگہ پر رک کر منزل تک پہنچتی ہے اس کا ٹکٹ ڈائریکٹ فلائٹ کی نسبت بہت سستا ہوتا ہے۔بعض اوقات تو سٹاپ اوور والی پرواز کا ٹکٹ 40فیصد سے زائد سستا مل جاتا ہے۔“

سکائی سکینر اور کیوی جیسی فضائی سفر سے متعلق ویب سائٹس کے ڈیٹا سے بھی ظاہر ہوتا ہے کہ سٹاپ اوور والی پرواز ڈائریکٹ فلائٹ کی نسبت کہیں زیادہ سستی پڑتی ہے اور مسافر سٹاپ اوور والی پروازوں پر سفر سے زیادہ لطف اندوز بھی ہوتے ہیں اور پرسکون بھی رہتے ہیں، کیونکہ انہیں راستے میں ایک نئی جگہ دیکھنے اور وہاں کچھ آرام کرنے کا موقع میسر ہوتا ہے۔ سٹاپ اوور پر مسافر سپا میں چلے جاتے ہیں، ڈنر کرتے ہیں یا پھر اس نئی جگہ پر شاپنگ کرنے چلے جاتے ہیں، جو کہ لوگوں کے لیے ایک اضافی تفریح ہوتی ہے جو ڈائریکٹ فلائٹ میں مہیا نہیں ہو سکتی۔ماہرین کے مطابق اگر آپ لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ سے قنطاس ایئرلائن کی پرتھ جانے والی ڈائریکٹ فلائٹ کا ٹکٹ بک کرواتے ہیں تو وہ آپ کو 1ہزار 47پاﺅنڈ میں ملے گا اور اگر آپ ایک سٹاپ اوور والی ملائیشیاءایئرلائنز کا ٹکٹ بک کروائیں گے تو وہ آپ کو صرف606پاﺅنڈ میں مل جائے گا۔ قنطاس کی ڈائریکٹ پرواز لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ سے آسٹریلیا کے شہر پرتھ 16گھنٹے 45منٹ میں پہنچے گی جبکہ ملائیشیاءایئرلائنز کی ایک سٹاپ اوور والی پرواز 20گھنٹے 35منٹ میں پہنچے گی اور وہ راستے میں کوالالمپور میں 1گھنٹے 50منٹ کا سٹاپ کرے گی۔ یوں آپ کو پرتھ پہنچنے میں صرف 4گھنٹے زیادہ وقت لگے گا لیکن آپ کے 441پاﺅنڈ (تقریباً 81ہزار 673روپے) بھی بچ جائیں گے اور آپ کوالالمپور میں بھی کچھ شاپنگ اور ڈنر وغیرہ سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔

اس وقت سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں