بھارتی لاپتا جنگی طیارے کا ملبہ آخر کار مل گیا

بھارتی فضائیہ نے ایک ہفتے قبل لاپتا ہونے والے اپنے جنگی طیارے AN-32 کا ملبہ ملنے کی تصدیق کردی۔

بھارتی فضائیہ کے ترجمان نے ٹویٹر پر بتایا کہ 3 جون کو لاپتا ہونے والے جنگی طیارے AN-32 کا ملبہ اروناچل ریاست کے شمالی علاقے لیپو سے 16 کلومیٹر کی دوری پر مل گیا ہے۔

لواحقین کے دباؤ پر لڑاکا طیارے کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن 8 روز سے جاری تھا جس میں 4 ہیلی کاپٹرز اور ایک طیارے نے حصہ لیا تھا جب کہ علاقہ مکینوں اور فوجی اہلکاروں کی مدد بھی لی گئی تھی۔

اس سے پہلے بھی ایک مرتبہ دعویٰ کیا جاچکا ہے کہ اروناچل کے دشوار گزار علاقے کی ایک گھاٹی پر ایک ریسکیو ہیلی کاپٹر کو طیارے کا ملبہ گیا ہے تاہم جب نزدیک پہنچے تو وہ طیارے کے ملبے کے بجائے ایک کچرے کا ڈھیر نکلا۔

دریں اثناء بھارتی میڈیا نے گزشتہ روز ہی حساس موضوع پر مزید ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے لاپتا بھارتی جنگی طیارے کے خلائی مخلوق کے لے جانے کا مضحکہ خیز دعویٰ کیا تھا۔

واضح رہے کہ جنگی طیارے میں ایک ونگ کمانڈر، 4 فلائٹ لیفٹیننٹ، ایک اسکواڈرن لیڈر اور 7 ایئرمین سوار تھے اور تمام ہی افرادکے حادثے میں ہلاک ہونے کے امکانات قوی ہیں۔

 

اس وقت سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں