ورلڈکپ: کپتان سرفراز کی میچ سے قبل پاکستانی شائقین سے اہم درخواست

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے پاکستانی شائقین سے درخواست کی ہے کہ وہ آسٹریلیا کے خلاف میچ میں سابق کپتان اسٹیون اسمتھ پر جملے نہ کسیں۔
تفصیکات کے مطابق بھارت کے خلاف میچ میں ایشیائی ملک کے تماشائیوں نے باؤنڈری پر کھڑے ہونے والے اسمتھ پر جملے کسے اور انہیں ’چیٹر چیٹر‘ کہہ کر پکارا تھا۔
اس موقع پر بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے بہترین اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے شائقین پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں جملے کسنے سے منع کیا تھا۔
اسی حوالے سے جب پاکستانی ٹیم کے کپتان سے سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں پاکستانی شائقین ایسا نہیں کریں گے، پاکستانی عوام کرکٹ اور کھلاڑیوں سے محبت کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال جنوبی افریقہ کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے دوران آسٹریلین کرکٹر کیمرون بین کرافٹ بال ٹیمپرنگ کرتے ہوئے پکڑے گئے تھے جس پر اس وقت کے آسٹریلین ٹیم کے کپتان اسٹیون اسمتھ نے غلطی کا اعتراف کر لیا تھا۔
اس پر کرکٹ آسٹریلیا نے اسمتھ اور ان کے نائب ڈیوڈ وارنر پر ایک سال کی پابندی عائد کردی تھی جبکہ بین کرافٹ پر 9ماہ کے لیے کرکٹ کے دروازے بند کر دیے گئے تھے۔

اس وقت سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں