شہباز شریف اور فواد حسن فواد ضمانت منسوخی کیس کی سماعت کرنے والا بینچ ٹوٹ گیا

جسٹس یحییٰ آفریدی نے شہباز شریف اور فواد حسن فواد ضمانت منسوخی کیس کی سماعت کرنے سے معذرت کرلی ہے، جس کے باعث متعلقہ کیس کی سماعت کرنے والا بینچ ٹوٹ گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں شہبازشریف اورفوادحسن فواد کی ضمانت منسوخی سے متعلق اپیلوں پرسماعت ہوئی، جسٹس عظمت سعید کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی۔
سماعت کے آغاز پر ہی جسٹس یحییٰ آفریدی نے کیس کی سماعت سے معذرت کرلی، جسٹس یحییٰ آفریدی کا کہنا تھا کہ ان کا فواد حسن فواد سے ذاتی تعلق ہے اس لئے کیس کی سماعت نہیں کر سکتے، جس پر سپریم کورٹ کا ضمانت منسوخی کی سماعت کرنے والا بینچ ٹوٹ گیا۔
واضح رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے شہباز شریف کی آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم اور رمضان شوگر مل کیس میں جبکہ فواد حسن فواد کی صرف آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم میں ضمانت منظور کی تهی جس کے خلاف نیب نے سپریم کورٹ درخواست دائر کر رکهی ہے۔

اس وقت سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں