فواد چودھری نے معروف صحافی سمیع ابراہیم کو تھپڑ مار دیا

فیصل آباد(ویب‌ڈیسک) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے معروف صحافی و اینکر پرسن سمیع ابراہیم کو تھپڑ رسید کر دیا۔ اطلاعات کے مطابق فیصل آباد میں ایک شادی کی تقریب میں وفاقی وزیر نے سینئر صحافی کو تھپڑ رسید کر دیا۔ تحریک انصاف کے سوشل میڈیا کارکن فرحان ورک نے اس بارے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ اطلاعات ہیں فواد چوہدری نے شادی کی تقریب میں سمیع ابراہیم کو تھپڑ مار دیا ہے۔

یاد رہے کہ دونوں رہنماوٴں کے درمیان تعلقات پہلے ہی کافی کشیدہ ہیں۔ دونوں کے درمیان تلخ جملوں کا آغاز سینئر صحافی سمیع ابراہیم کے ایک بیان کے بعد ہوا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اگلے چند روز میں پاکستان کے خلاف بڑی سازش ہونے والی ہے جس کی تیاریاں چل رہی ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ اس سازش میں بھارت اور امریکہ شامل ہیں جبکہ پاکستان کے ادروں میں موجود وہ لو گ بھی ان کے ساتھ ملے ہوئے ہیں جو ان کے لیے کام کرتے ہیں۔

سمیع ابراہیم نے بتایا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو اس سازش کے تحت ہٹایا جائے گا اورفوج کو کمزور کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ سمیع ابراہیم نے انکشاف کیا ہے کہ تحریکِ انصاف کے اندر بھی لوگ اس سازش کا حصہ ہیں۔ اور فواد چوہدری اس تحریک کو لیڈ کریں گے جبکہ انکا رابطہ پی پی پی کے ساتھ ہے۔ جب حکومت بنی تو وہ وزیراعلیٰ پنجاب بننا چاہتے تھے اور انہوں نے دوستوں اور صحافیوں کے ذریعے کوشش کی تھی کہ وہ وزیراعلیٰ بن جائیں۔
وہ اپنے آپ کو ایسے پیش کر رہے ہیں جو کہہ رہے ہیں کہ سولین اداروں کو سب سنبھالنا چاہیے۔جس کے جواب میں فواد چوہدری نے کہا کہ اس (سمیع ابراہیم) کو دو کروڑ کے اشتہار دے دیتا تو دن رات میرے پاؤں چاٹتا۔

فواد چوہدری نے سمیع ابراہیم کے امریکی پاسپورٹ کی تصویر لگاتے ہوئے لکھا ہے کہ ‘ہمیں بتا رہا ہے امریکہ پاکستان کے خلاف سازشیں کر رہا ہے ، ایسے منافقوں سے باخبر اور محفوظ ہونا انتہائی اہم اور ضروری ہے۔

اس کے علاوہ وفاقی وزیر نے سمیع ابراہیم اور ان کے ادارے کیخلاف امریکہ اور پاکستان میں قانونی کارروائی کا بھی اعلان کیا۔

اس وقت سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں