دل کہتا ہے کہ پاکستان میچ جیتے لیکن دماغ کہتا ہے کہ ۔۔ سوئنگ کے سلطان نے بھارت کیخلاف میچ میں سرفراز احمد کو زبردست مشورہ دے دیا

مانچسٹر(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے سرفراز احمد کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بھارت کےخلاف دلیرانہ فیصلے کریں اور شیروں کی طرح ٹیم کی قیادت کرے۔ ایک انٹر ویو میں وسیم اکرم نے کہا کہ سرفراز کو یہ علم ہونا چاہیے کہ ٹیم کے ہارنے پر تنقید انہیں پر ہو گی اس لیے انہیں دلیری سے فیصلے کرنے چاہیئے۔

وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ سرفراز کو اس خوف سے بالاتر ہو کر کھیلنا پڑے گا کہ انہیں کپتانی سے ہٹادیاجائے گا ، پلیئرز کو بھی شکست کا خوف ذہن سے نکال کر میدان میں اترنا ہوگا۔وسیم اکرم کے مطابق انہیں ایک دو کھلاڑیوں نے بتایا کہ میچ کی صبح انہیں معلوم ہوا کہ وہ نہیں کھیل رہے، اس طرح کھلاڑیوں کا اعتماد خراب ہوتا ہے، یہ بہت ضروری ہے کہ بھارت کیخلاف میچ سے ایک روز پہلے ہی ٹیم فائنل کرکے کھلاڑیوں کو بتادیا جائے تاکہ وہ ذہنی طور پر تیار رہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پندرہ کھلاڑیوں میں کافی محدود آپشنز ہیں،اس اہم میچ میں 2 پارٹ ٹائمر سپنرز کے ساتھ مسئلہ ہوسکتا ہے کیونکہ انڈیا ایسی ٹیم ہے جو رنز کے لیے سپنرز کی تلاش کرتی ہے۔سابق کپتان نے کہا کہ بھارت کے خلاف میچ میں ہمارے باﺅلرز کو لائن اور لینتھ کا خیال رکھنا ہوگا کیوں کہ ٹی ٹونٹی سٹائل والی باﺅلنگ اس فارمیٹ میں نہیں چل سکتی۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی باﺅلنگ میں بہت ورائٹی ہے جس کے سپنرز اور فاسٹ باﺅلر بہت اچھے ہیں جبکہ بیٹنگ بھی تکڑی ہے لیکن دھون کی انجری سے بھارت کو فرق پڑے گا کیو ں وہ فارم میں ہیں اور رائٹ ہینڈ لیفٹ ہینڈ کمبی نیشن کا بھی فرق پڑ جائےگا۔ایک سوال پر وسیم اکرم نے کہا کہ ان کا دل کہتا ہے کہ پاکستان میچ جیتے لیکن دماغ کہتا ہے کہ انڈیا جیت جائے گا، بھارت کا پاکستان پر 30۔70 کا چانس ہے۔یاد رہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان میچ 16 جون کو مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ گراونڈ میں کھیلا جائے گا۔

اس وقت سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں