نیوزی لینڈ کے کھلاڑی مچل سینٹنر نے پاکستان کو خطرناک قرار دیدیا

نیوزی لینڈ کے کھلاڑی ” مچل سینٹنر “ نے پاکستانی ٹیم کو ” خطرناک “ قرار دیتے ہوئے اپنی ٹیم کو خبردار کر دیاہے، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کو شکست دی ہے، جب وہ گرم ہوتے ہیں تو بہت گرم ہوتے ہیں، اسی لیے انہیں ٹھنڈا کرنے کیلئے ہمیں راستہ تلاش کرنا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق مچل سینٹنر نے کہا کہ نیوزی لینڈ ’ خطرناک ‘ پاکستان کو ہلکا لینے لینے کی گنجائش نہیں رکھتی جیسا کہ وہ آج سیمی فائنل میں رسائی کیلئے مد مقابل ہونے جا رہے ہیں۔ ورلڈ کپ میں اب تک ناقابل شکست رہنے والی نیوزی لینڈ اس وقت 11 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر ہے تاہم آج کا میچ جیتنا پاکستان کیلئے بہت اہم ہے بصورت دیگر پاکستان سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو جائے گا ۔
ان کا کہناتھا کہ بے شک پاکستان کا یہاں پر ریکارڈ بہت اچھا ہے ، چند برس قبل انہوں نے یہیں پر چیمپئن ٹرافی جیتی تھی اور انہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف شاندار کامیابی سمیٹی ہے ۔ان کا کہناتھا کہ ہم اس وقت پوائنٹس ٹیبل میں ٹاپ پر ہیں لیکن ہم کسی بھی میچ کو ہلکا نہیں لے سکتے ہیں۔ مچل سینٹنر کی جانب سے پاکستان کے باولنگ اٹیک کی بھی تعریف کی گئی ۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا باولنگ اٹیک مجموعی طور پر اچھا ہے ان کے پاس بہت اچھے باولرز ہیں جبکہ ساتھ ساتھ سپینرز بھی ہیں ، ہمیں ان کی طاقت کا اندازہ ہے اور میرے خیال میں وہاب ریاض کی ان کی ٹیم میں واپسی پاکستان کیلئے اچھی ثابت ہوئی ہے ۔ان کا کہناتھا کہ محمد عامر نے بہت شاندار باولنگ کا مظاہرہ کیا ہے۔
مچل سینٹنر کا کہناتھا کہ پاکستان نے پہلے انگلینڈ کو ہرایا اور پھر جنوبی افریقہ کو شکست سے دو چار کیا ، جب وہ گرم ہوتے ہیں تو بہت گرم ہوتے ہیں ، درحقیقت ہمیں وہ راستہ تلاش کرنا ہو گا جس سے ہم ان کو ٹھنڈا کر سکیں جب وہ اس طرح گرم ہوتے ہیں ۔

اس وقت سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں