اپوزیشن کی اے پی سی کا اعلامیہ جاری

اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق ملک پر عوام کی نمائندہ حکمرانی موجود نہیں۔ عام انتخابات میں ملک گیر اور بدترین دھاندلی کے نتیجے میں نام نہاد حکمران مسلط کیے گئے۔ موجودہ حکومت نے 11 ماہ میں اپنی نااہلی پر مہر تصدیق ثبت کی۔ ملک کا ہر شعبہ زبوں حالی کا شکار ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملکی معیشت کی عمارت زمین بوس ہوچکی ہے۔ ملک دیوالیہ ہونے کے قریب ہے۔ مہنگائی نے غریب عوام کی کمر توڑ دی ہے۔ موجودہ حکومت کا ایجنڈا ملکی مفادات کی بجائی کسی گھناونی سازش کا حصہ ہے۔

اعلامیے کے مطابق بیرونی قرضوں کا سیلاب اور معاشی اداروں کی بدنظمی معیشت کو دیوالیہ کرنے کو ہے۔ غربت اور افلاس کی صورتحال عوامی انقلاب کا راستہ ہموار کرتی دکھائی دیتی ہے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ موجودہ حکومت کے فیصلے ملکی سلامتی، خودمختاری اور بقاء کیلئے خطرہ بن چکے ہیں۔ ٹیکسوں نے کاروبار کا سانس بند کردیا ہے۔

 

اس وقت سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں