فائیو اسٹار ہوٹل نے بھی ڈالر میں کرائے وصول کرنا شروع کر دیے خواجہ آصف نے بطور ثبوت ٹویٹر پر تصویر بھی شیئر کر دی

اسلام آباد (ویب ڈیسک) : ڈالر کی قدرمیں روز بروز اضافہ اور روپے کی قدر میں کمی کی وجہ سے فائیو اسٹار ہوٹل نے بھی ڈالر میں کرائے وصول کرنا شروع کر دئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں مسلم لیگ ن کے سینئیر رہنما خواجہ آصف نے فائیو اسٹار ہوٹل پرل کانٹیننٹل کی جانب سے روپے کی بجائے ڈالر میں کرائے وصول کرنے کی تصویر بھی بطور ثبوت پیش کی ۔

خواجہ آصف نے اپنے ٹویٹ میں پرل کانٹیننٹل میں قیام کی صورت میں جنریٹ کیا گیا بل ٹویٹر پیغام میں شئیر کیا گیا جس میں ٹوٹل بل ڈالرز کی شکل میں لکھا گیا ہے۔ یہ بل پرل کانٹیننٹل ہوٹل مظفر آباد کا ہے۔ خواجہ آصف نے اس تصویر کو شئیر کرتے ہوئے کہا کہ روپیہ بے توقیر ، فائیو اسٹار ہوٹل روپے میں بل وصول کر نے سے انکاری۔

خواجہ آصف کے اس ٹویٹ پر صارفین کا کہنا تھا کہ پاکستان میں موجود فائیو اسٹار ہوٹل کی روپے کی بجائے ڈالر کی صورت میں وصولی سمجھ سے باہر ہے۔
جبکہ کچھ صارفین نے یہ ٹویٹ کرنے پر خواجہ آصف کو ہی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہاں کون سا غریب لوگ جاتے ہیں۔ ہم نے اپنی زندگیوں میں فائیو اسٹار ہوٹل صرف باہر سے ہی دیکھا ہے۔ آپ کو چاہئیے کہ اصل مسائل کی جانب توجہ دلوائیں۔ جبکہ کچھ صارفین نے اس خبر کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے موجود حکومت کو ہی تنقید کا نشانہ بنایا۔ خیال رہے کہ ڈالر کی قدر میں مسلسل اضافہ اور روپے کی مسلسل بے قدری جاری ہے۔

آج بھی ڈالر کی قیمت میں ایک روپیہ 84 پیسے کا اضافہ ہوا جس کے بعد ڈالر کی قیمت 164 روپے کی سطح پر پہنچ گئی۔گذشتہ روز ڈالر کی قیمت میں 6 روپے سے زائد کا اضافہ ہوا تھا جس کے بعد گذشتہ روز ڈالر 163 روپے سے زائد قیمت پر فروخت ہوتا رہا۔ کرنسی مارکیٹ کے ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف سے پاکستان کے معاہدے کی خبروں کے بعد روپے پر دباؤ کے باعث ڈالر مہنگا ہوا ۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے اقتدار میں آنے سے اب تک ڈالر کی قیمت میں لگ بھگ 30 روپے سے زائد کا اضافہ ہوچکا ہے۔ڈالر کی اونچی اُڑان پر معاشی تجزیہ کاروں نے بھی تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ ڈالر کی قیمت میں اضافے سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہو گا جس کا بوجھ عوام پر پڑے گا۔ جبکہ عوام نے بھی ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمت پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے حکومت سے ڈالر کی قیمت کو لگام دینے کے لیے اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

اس وقت سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں