نہ بابر اعظم، نہ عماد وسیم، پاکستان کی ایک روزہ ٹیم کا کپتان کون ہوگا؟

لاہور(ویب ڈیسک) محمد حفیظ پاکستان کی ایک روزہ کرکٹ ٹیم کی کپتانی کیلئے مضبوط امیدوار بن گئے، پی سی بی کی جانب سے تینوں فارمیٹ کی ٹیموں کے الگ الگ کپتان نامزد کیے جانے پر غور، بابر اعظم بھی دوڑ میں شامل۔ تفصیلات کے مطابق میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سینئر آل راونڈر محمد حفیظ پاکستان کی ایک روزہ ٹیم کے نئے کپتان ہو سکتے ہیں

ورلڈکپ کے بعد پی سی بی قومی کرکٹ ٹیم میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کیلئے غور کر رہا ہے۔ ان تبدیلیوں میں کپتانی کی تبدیلی بھی شامل ہے۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی اس وقت ایک روزہ کرکٹ ٹیم کی کپتانی کیلئے محمد حفیظ اور بابر اعظم کے ناموں پر غور کر رہا ہے۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد پر کام کے بوجھ میں کمی کے پیش نظر پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام نے تینوں فارمیٹس کیلئے علیحدہ کپتانوں کی تقرری پر غور شروع کردیا ہے جن کو امید ہے کہ لانگ ٹرم پلاننگ کے تحت ہر طرز کی کرکٹ کیلئے الگ قیادت موثر ثابت ہو سکتی ہے ،غیر ملکی اور ملکی کوچ کی تقرری پر متضاد آرا کے باوجود سابق زمبابوین کپتان اینڈی فلاور کی خدمات کے حصول پر نگاہیں مرکوز ہیں۔

قومی کرکٹ ٹیم میں ممکنہ تبدیلیوں کیلئے پی سی بی نے اگرچہ لب کشائی سے گریز کیا ہے تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ 29 جولائی کو کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں قومی ٹیم سے متعلق اہم فیصلے کئے جائیں گے اور امکان ہے کہ اس دوران تینوں فارمیٹس کی قیادت کیلئے علیحدہ کپتانوں کی تقرری کا بھی فیصلہ کیا جائےگا کیونکہ حالیہ عرصے میں یہ تاثر سامنے آیا ہے کہ موجودہ کپتان سرفراز احمد پر کام کا شدید بوجھ ہے جسکے سبب انکی ذاتی کارکردگی بھی متاثر ہو رہی ہے۔

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ سرفراز احمد کو آئندہ برس ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے پیش نظر مختصر فارمیٹ کی قیادت کیلئے قابل غور سمجھا جائےگا جن کی کارکردگی اس فارمیٹ میں غیر معمولی رہی ہے جبکہ دیگر فارمیٹس کیلئے محمد حفیظ، بابر اعظم،عماد وسیم اور اظہرعلی پر بھروسہ کیا جا سکتا ہے۔

اس وقت سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں