سستے انٹرنیٹ کی فراہمی میں انڈیا پہلے نمبر پر، پاکستان کون سے نمبر پر ہے اور دونوں کے ریٹس میں کتنا فرق ہے؟جان کر آپ کو یقین نہ آئے

لندن ( آن لائن) پاکستان میں مہنگے انٹرنیٹ پیکجز کے باعث موبائل فون صارفین کو ہمیشہ ہی شکایات رہتی ہیں لیکن آپ کیلئے یہ بات باعث حیرت ہوگی کہ انڈیا دنیا میں سب سے سستا انٹرنیٹ فراہم کرنے والا ملک ہے جبکہ پاکستان سستا انٹرنیٹ فراہم کرنے والی فہرست میں 33 ویں نمبر پر ہے۔ دنیا میں سب سے مہنگا انٹرنیٹ زمبابوے میں دیا جاتا ہے جہاں ایک جی بی ڈیٹا کا ریٹ 2 ہزار روپے ہے۔

انٹرنیٹ کے ریٹس کا موازنہ کرنے والی برطانوی ویب سائٹ کیبل کی جانب سے 1 ستمبر 2018 کو جمع کیے گئے اعدادو شمار کے مطابق انڈیا میں سستا ترین انٹرنیٹ ایک روپے 75 پیسے فی جی بی کے حساب سے فراہم کیا جاتا ہے۔ انڈیا میں ایک جی بی ڈیٹا کا اوسط ریٹ ساڑھے 18 روپے ہے جو دنیا بھر میں سب سے کم ہے۔

سستے انٹرنیٹ کی فراہمی میں پاکستان کا نمبر 33 واں ہے ۔ 16 نومبر 2018 کوپاکستان میں سستا ترین انٹرنیٹ 0.29 ڈالر (46 روپے 41 پیسے) فی جی بی کے حساب سے مہیا کیا گیا۔ اگر پاکستان میں مہنگے ترین انٹرنیٹ کی فراہمی کا جائزہ لیا جائے تو یہ 1.85 ڈالر (296 روپے 5 پیسے ) بنتا ہے ۔

اپنے شہریوں کو سستا انٹرنیٹ فراہم کرنے کے معاملے میں وس ایشیائی ریاستیں کرغیزستان اور قزاقستان بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں جبکہ دنیا کا غریب ترین سمجھا جانے والا ملک روانڈا سستے انٹرنیٹ کی فراہمی میں پانچویں نمبر پر ہے۔

سستے انٹرنیٹ کی فراہمی کی فہرست میں فرانس 62، سنگا پور 81، قطر 98، سعودی عرب 122، برطانیہ136، جرمنی 140، جاپان 154، چین 165، یو اے ای 167، کینیڈا 179 اور امریکہ 182 ویں نمبر پر ہیں۔

دنیا میں سب سے مہنگا انٹرنیٹ افریقی ملک زمبابوے میں فراہم کیا جاتا ہے جو اس فہرست میں 230 ویں نمبر پر موجود ہے۔ یہاں ایک جی بی کا کم از کم ریٹ ساڑھے 12 ڈالر (2 ہزار روپے ) اور مہنگا ترین انٹرنیٹ 138.46 ڈالر (22 ہزار 157 روپے) ڈالر فی جی بی کے حساب سے مہیا کیا جاتا ہے۔

اس وقت سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں