نیب کا ادارہ ہی غلط ہے، چیئرمین نیب کی تقرری پر قوم سے معافی مانگتا ہوں: لیگی رہنما کا بیان

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے چیئرمین نیب کی تقرری پر قوم سے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ نیب کا ادارہ ہی غلط ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایل این جی کیس میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نیب نے مجھ پر الزم لگایا گیا کہ میں وزارت خارجہ کی گاڑی استعمال کرتا ہوں، ملک کا وزیراعظم تھا، بتا دیتے تو آفس پہنچنےکے لیے تانگہ یا آن لائن ٹیکسی کرا لیتا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ایک سال سے نیب تفتیش کر رہا ہے، پچپن دن سے ریمانڈ بھی چل رہا ہے لیکن ابھی تک کیس سمجھ نہیں آیا،یہ کیسا ادارہ ہے کہ پہلےسابق وزیراعظم کو گرفتار کرتے ہیں، اس کے بعد کیس بناتے ہیں۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ  میں نے اگر کوئی کرپشن کی ہے تو بتائیں کیا کرپشن کی ہے، نیب کا تفتیشی افسرعدالت میں کہتا ہے کہ کابینہ کا فیصلہ غلط تھا، یہ فیصلہ ہونا چاہیے کہ ملک کابینہ نے چلانا ہے یا نیب نے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ چیئرمین نیب کی تقرری پر قوم سے معافی مانگتا ہوں، چیئرمین نیب کا نام پیپلز پارٹی کی طرف سے آیا تھا، اتفاق رائے سے تقرری کا فیصلہ کیا، ساتھ ہی انہوں نے الزام عائد کیا کہ نیب کا ادارہ ہی غلط ہے، یہ (ن) لیگ کو توڑنے کے لیے بنایا گیا تھا۔

اس وقت سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں