جرمنی میں امریکی فضائیہ کا طیارہ گرکر تباہ

جرمنی کے مغربی علاقے میں امریکی فضائیہ کا ایف 16طیارہ گرکر تباہ ہو گیا، حادثے میں خوش قسمتی سے پائلٹ محفوظ رہا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کو جرمن فضائیہ نے تصدیق کی کہ مغربی علاقے میں طیارے کو حادثہ پیش آیا، پائلٹ بروقت جہاز سے نکلنے میں کامیاب رہا جس کے باعث وہ زندہ بچ گیا۔

ترجمان جرمن ایئرفورس کے مطابق پائلٹ کو ریسکیو کے بعد زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا۔ جرمن حکام نے علاقےکے بڑے حصے کو سیل کردیا جہاں کسی کو جانے کی اجازت نہیں دی جارہی۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق حادثے کی وجہ فی الحال معلوم نہیں ہوسکی اور نہ ہی امریکا کی جانب سے کوئی بیان جاری کیا گیا۔ جرمن ایئرفورس نے پائلٹ کی شناخت بھی ظاہر نہیں کی۔

یاد رہے کہ رواں سال جون میں شمال مشرقی جرمنی میں ایئرفورس کے دو لڑاکا طیارے فضا میں ٹکرانے سے تباہ ہوگئے تھے جس کے نتیجے میں ایک پائلٹ ہلاک جبکہ دوسرا محفوظ رہا تھا۔

امریکی کمپنی جنرل ڈائنا مکس کا تیار کردہ طیارہ ہر قسم کے جنگی امور انجام دینے میں کاررآمد ہے، بہترین کارکردگی کی وجہ سے جنگی طیارہ 24 ممالک کی فضائیہ استعمال کررہی ہے۔

جہاز اڑانے کے لیے ماہر پائلٹ کی ضرور ہوتی ہے، ایف 16 میں ایک اسکرین سامنے آویزاں ہوتی ہے جو طیارے کی رفتار ، اونچائی، دشمن کے طیاروں سے دوری اور اُس میں موجود اسلحے کی تعداد کو بتاتی ہے۔

اس وقت سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں