تیسرا ٹی ٹوئنٹی: پاکستان کے خلاف سری لنکا کی جارحانہ بیٹنگ

تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میں سری لنکا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے سیریز کے آخری میچ میں سری لنکن کپتان نے ٹاس جیتا اور پہلے بیٹنگ کو ترجیح دی۔ ٹاس کے موقع پر سری لنکن کپتان کا کہنا تھا کہ پوری سیریز میں ہماری ٹیم بہت اچھا کھیلی جس کا نتیجہ سب کے سامنے ہے جب کہ قومی کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ آج کا میچ جیتنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔
قومی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں، ناقص کارکردگی پر عمر اکمل، احمد شہزاد اور محمد حسنین کو ڈراپ کر کے حارث سہیل، افتخار احمد اور عثمان شنواری کو فائنل الیون کا حصہ بنایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ تین میچوں کی سیریز میں سری لنکا کو 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے اور گرین شرٹس کو کلین سوئپ کی ہزیمت سے بچنے کا چیلنج درپیش ہے۔
پہلے ٹی ٹوئنٹی میں قومی ٹیم نے پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا لیکن ناتجربہ کار مہمان ٹیم سب کچھ بہا لے گئی، نوجوان بولر محمد حسنین کی ہیٹ ٹرک بھی شکست سے نہ بچاسکی۔ سری لنکا کے 165رنز کے جواب میں پاکستانی ٹیم 20 اوورز بھی پورے نہ کھیل سکی اور 18ویں اوور میں 101رنزپر ڈھیر ہو گئی۔
دوسرے میچ میں سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 182 رنز بنائے جس کے جواب میں قومی بیٹنگ لائن ایک بار پھر لڑکھڑاگئی اور ایک بار پھر پوری ٹیم پویلین واپس لوٹ گئی۔

اس وقت سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں