- Advertisement -

وزیر اعظم کی یوٹیلیٹی اسٹورز پر خریداری کیلئے ون ٹائم پاس ورڈ سسٹم ختم کرنے کی ہدایت

- Advertisement -

وزیر اعظم شہباز شریف نے عوام کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے یوٹیلیٹی اسٹورز پر خریداری کے لیے استعمال ہونے والا ون ٹائم پاس ورڈ سسٹم ختم کر دیا۔
یوٹیلیٹی اسٹورز پر سبسڈائزڈ اشیا کی خریداری کے لیے شناختی کارڈ کی نقل کی شرط ختم کر دی گئی ہے بلکہ اب اصل شناختی کارڈ کاؤنٹر پر دکھانا ہو گا۔ خریداری کے بعد کسٹمر کے رجسٹرڈ موبائل نمبر پر تصدیقی ایس ایم ایس موصول ہو گا۔
یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن اصل مستحقین تک وفاقی حکومت کی سبسڈی شفاف انداز سے منتقل کرنے کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے، یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن وزیراعظم کے ہدایت پر لاہور اور اسلام آباد کے ہر سپر مارکیٹ، اسٹور اور منی مارکیٹ پر پی او ایس کاؤنٹرز کی تعداد بتدریج بڑھا رہی ہے۔
حکام کے مطابق تمام زونل مینیجرز کو یوٹیلیٹی اسٹورز پر صارفین کے لیے واٹر کولر، ٹینٹ، کرسیاں اور پنکھے کی فراہمی کے لیے پنجاب کے تمام ڈپٹی کمشنرز اور آئی سی ٹی سے رابطہ کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔
ملک بھر کے تمام یوٹیلیٹی اسٹورز پر وفاقی حکومت کی سبسڈی کے تحت چینی 70 روپے فی کلو، گھی 300 روپے فی کلو جبکہ آٹے کا 10 کلو تھیلہ 400 روپے میں دستیاب ہے۔ چاول اور دالوں پر بھی سبسڈی دی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ 1500 سے زائد معیاری اشیا بھی عام مارکیٹ کی نسبت بہت کم قیمت پر دستیاب ہیں۔