تعلیمی اداروں کیلئے ہنگامی تعطیل کا اعلان

لاہور کے تعلیمی اداروں کیلئے ہنگامی تعطیل کا اعلان، سموگ کی صورتحال خوفناک شکل اختیار کر جانے کے بعد محکمہ تعلیم نے صوبائی دارالحکومت کے تمام نجی و سرکاری تعلیمی ادارے کل بروز جمعرات بند رکھنے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب کے محکمہ تعلیم نے صوبے کے دارالحکومت لاہور کے تمام تعلیمی اداروں کو کل بروز جمعرات بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق لاہور میں فضائی آلودگی کی صورتحال مزید بگڑ جانے کے بعد شہر کے تمام نجی و سرکاری تعلیمی ادارے کل جمعرات کے روز بند رہیں گے۔ لاہور کے تعلیمی اداروں کو مزید بند رکھنے یا نہ رکھنے کا فیصلہ کل کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں فضائی آلودگی اس شہر کی تاریخ کی سب سے خطرناک ترین سطح تک پہنچ گئی۔

بھارت کی فضائی آلودگی نے شہر لاہور کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ کی شام کو لاہور شہر میں اسموگ کی صورتحال مزید بگڑ گئی اور شہر کا ائیر کوالٹی انڈیکس 454 کی خطرناک سطح تک پہنچ گیا۔ بتایا گیا ہے کہ ایک سے 2 روز میں لاہور میں اسموگ کی صورتحال مزید بگڑ جائے گی جس کے بعد شہریوں کیلئے کھیلی فضاء میں سانس لینا بہت مشکل اور خطرناک بن جائے گا۔

لاہور میں اسموگ کی بگڑتی صورتحال کے بعد شہریوں کو تلقین کی گئی ہے کہ وہ اپنی نقل و حرکت محدود کر دیں۔ جن شہریوں کیلئے سفر کرنا لازمی ہے، وہ بنا ماسک کے کسی صورت گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ لاہور میں اسموگ بڑھنے کے باعث سانس کی بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہے۔ جبکہ جب تک لاہور شہر میں موسلادھار بارش نہیں ہوتی، تب تک اسموگ ختم نہیں ہو سکتی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں بارش کے صرف 20 فیصد امکانات ہیں۔

اس وقت سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں