- Advertisement -

بھارت نے چین کو کہہ کر عالمی فورم پر پاکستان کا راستہ روک دیا

- Advertisement -

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت نے برکس کانفرنس میں گلوبل ڈویلپمنٹ پر ہونے والے اعلیٰ سطحی مذاکرے میں پاکستان کو شرکت کی دعوت رکوا دی۔ ایکسپریس ٹربیون کے مطابق اس مذاکرے کا انعقاد برکس کانفرنس کے دوران ورچوئل طریقے سے ہوا، جس میں دو درجن سے زائد ایسے ممالک کو شرکت کی دعوت دی گئی تھی جو برکس کے رکن نہیں تھے۔

رپورٹ کے مطابق اس مذاکرے میں پاکستان کی عدم شرکت پر عالمی سطح پر حیرت کا اظہار کیا گیا کیونکہ پاکستان چین کا کلیدی سٹریٹجک پارٹنر اور دوست ملک ہے اور چین کے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کا سب سے بڑا حصہ بھی پاکستان میں بن رہا ہے۔ پاکستان اور چین کی طرف سے اس معاملے پر کوئی وضاحت نہیں کی گئی تاہم پیر کے روز دفتر خارجہ کی طرف سے بالآخر اس معاملے پر ایک بیان جاری کر دیا گیا۔

اس بیان میں دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار کی طرف سے بتایا گیا کہ پاکستان کو بھی اس مذاکرے میں شرکت کی دعوت دی جانی تھی تاہم برکس کے ایک رکن ملک نے رکوا دی۔ بیان میں کہا گیا کہ ”ہم برکس میٹنگ کے کامیاب انعقاد پر چین کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ ہم نے دیکھا کہ اس بار میٹنگ میں گلوبل ڈویلپمنٹ پر ایک مذاکرے کا اہتمام کیا گیا جس میں کئی ترقی پذیر ممالک کو شرکت کی دعوت دی گئی۔ تاہم برکس کا ایک رکن ملک پاکستان کو دعوت دینے کی راہ میں رکاوٹ بن گیا۔“