- Advertisement -

عمران خان کیخلاف توشہ خانہ سے متعلق ریفرنس بھجوادیا گیا

- Advertisement -

مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور سردار ایاز صادق نے کہا کہ عمران خان خلاف توشہ خانہ سے متعلق ریفرنس اسپیکر قومی اسمبلی کو بھجوادیا گیا ہے۔
لاہور میں وزیر ریلوے و ہوابازی خواجہ سعد فریق کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران سردار ایاز صادق نے کہا کہ عمران خان نےکرسی کےشوق میں عدم اعتماد کو تاخیر کا شکار کیا، اسی کرسی کی ہوس میں کہا کہ میں نہ رہا تو فوج تباہ ہوجائے گی، عمران خان نے پھر سپہ سالار کو بھی نشانہ بنایا،
ایازصادق نے کہا کہ ہر پاکستانی عمران خان کی ناکامی کا خمیازہ بھگت رہا ہے، عمران خان وہی شخص ہے جس نے کہا تھا کہ اگر مودی جیت گیا تو حالات بہتر ہوں گے، مگر مودی نےجو کشمیرکے ساتھ کیا وہ سب کے سامنے ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان نے چین اور سعودی عرب سے تعلقات خراب کیے، اب ان ممالک سے تعلقات بہتر ہورہے ہیں، آج آئی ایم ایف کہتا ہے کہ ہم پاکستان پر اعتبار نہیں کرسکتے کیونکہ پاکستان تحریری معاہدہ کرکے بھی مکرجاتا ہے۔
ایاز صادق نے کہا کہ عمران خان نے توشہ خانہ کا مکمل صفایا کر دیا ہے، ان کے خلاف توشہ خانہ سے متعلق ریفرنس اسپیکر کو فائل ہوچکا، اس ریفرنس پر 30 دن میں اسپیکر کو فیصلہ دینا ہے، اس کے بعد وہ ریفرنس الیکشن کمیشن کے پاس چلا جائے گا۔
اس موقع پر خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ قوم آج جو کچھ بھگت رہی ہے وہ عمران خان کی نالائقیوں کی وجہ سے ہے، سابق حکومت نے ریلوےکا خسارہ بڑھایا، نظام خراب کردیا۔
عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ بظاہر عمران جمہوری لیڈر ہیں مگر درحقیقت یہ آئین شکن ہیں، ان کاایک ہی کام ہے کہ لوگوں کو چور اور غداربناؤ۔ عمران خان پاکستان کواس مقام پر لائے جہاں سے واپسی ناممکن ہے۔
موجودہ صورت حال کے حوالے سے سعد رفیق نے کہا کہ ہم چیزوں کوٹھیک کرنے کی کوشش کررہے ہیں، ہمارے لیےآسان تھا کہ ہم بھاگ جاتے اور انتخابات کا اعلان کرتے، ہم بھاگ جاتے تو 90 دن کے لئے نگراں حکومت آجاتی جس سےکوئی بات نہیں کرتا۔