- Advertisement -

‘گو نیازی گو’ تو گو ہو گیا ہے اب ہر جگہ روتا پھر رہا ہے، مریم نواز

- Advertisement -

پاکستان مسلم لیگ (ن ) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ حمزہ شہباز کل آپ کو پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا ریلیف پیکج دینے جا رہے ہیں جبکہ حمزہ شہباز پیٹرول، ڈیزل اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ بھی بتائیں گے۔
پنجاب ضمنی انتخابات کے حلقہ پی پی 158 لاہور میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ مجھے یہ جلسہ دھرم پورہ کا نہیں بلکہ پورے لاہور کا لگ رہا ہے، نواز شریف لندن سے بیٹھ کر یہ جلسہ براہ راست دیکھ رہے ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ دل پر پتھر رکھ کر پیٹرول و ڈیزل کی قیمتیں بڑھانا پڑیں لیکن ہم گھر میں چھپ کر نہیں بیٹھے، نوازشریف نے کہا کہ جاؤ لوگوں کو بتاؤ کہ مجھے ان کی تکلیف کا احساس ہے، پاکستان کے عوام جانتے ہیں کہ ہمیں کیوں اس میں اضافہ کرنا پڑا۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘گو نیازی گو’ تو گو ہو گیا ہے اب ہر جگہ روتا پھر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان کے دیوالیہ ہونے کا خطرہ نہیں ہوتا تو ہم مر جاتے لیکن قیمتیں کبھی نہیں بڑھاتے، میں نہیں کہتی کہ برطانیہ اور امریکا میں بھی مہنگائی ہے اور عوام دو روٹی کی جگہ ایک روٹی کھا لیں، میں کبھی یہ نہیں کہوں گی میں سنگدل نہیں ہوں۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں چاہتی ہوں کہ پاکستان کے عوام تین وقت کا کھانا پیٹ بھر کر کھائیں، بھروسہ رکھنا وہ وقت آئے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ میں فتنہ خان کی طرح نہیں کہوں گی کہ گھبرانا نہیں ہے بلکہ کہوں گی کہ گھبرانا نہیں ہے، آپ کے خادم دن رات محنت کرکے آپ کی مشکلات کو آسان بنائیں گے۔
انہوں نے لوگوں سے سوال پوچھا کہ کیا 2013 میں نواز شریف کی حکومت آنے سے پہلے 20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ تھی یا نہیں، کیا نواز شریف نے یہ ختم کی تھی یا نہیں، لہٰذا ہم آج ہونے والی لوڈشیڈنگ کو بھی ختم کریں گے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کے عملے نے مجھے بتایا کہ وہ تہجد پڑھ کر ایکسرسائز کرکے فجر کی نماز پڑھنے کے بعد لوگوں کی خدمت میں حاضر ہوجاتے ہیں جبکہ اس سے پہلے والے وزیراعظم کا دن 12 بجے سے پہلے شروع نہیں ہوتا تھا۔
مسلم لیگ (ن) کی رہنما نے کہا کہ نوازشریف اور شہباز شریف کے اہم منصوبے، چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک)، بجلی کے کارخانے، میٹرو بس، اورنج ٹرین، سڑکوں کا جال اور ترقی اور فتنہ خان جو پنجاب پر نظر لگا کر بیٹھا ہے اس کے میگا پروجیکٹ فرح گوگی، پنکی پیرنی اور منی گالا کی ٹرین جو لاہور سے چل کر سیدھی بنی گالا جاتی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس نے 2022 تک پاکستان کو آئی ایم ایف کے ہاتھوں گروی رکھ دیا۔
انہوں نے کہا کہ خالی خزانے کے باوجود شہباز شریف کی واضح ہدایات ہیں کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کے ذریعے دالیں، چینی، چاول، آٹا سستا فراہم کرنا ہے تاکہ کسی کا چولہا نہ بجھے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا ریلیف پیکیج حمزہ شہباز کل اعلان کریں گے جبکہ حمزہ شہباز کل آپ کو پیٹرول، ڈیزل اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ بھی بتائیں گے۔انہوں نے کہا کہ فتنہ خان کے احتجاج میں لوگ شامل نہیں ہوئے، جو لوگ بنی گالا میں آکر احتجاج کرتے ہیں ان کی تعداد اس کے احتجاج سے زیادہ ہے۔
مسلم لیگ(ن) کی رہنما مریم نواز نے کہا کہ مہنگائی لانے والا عمران خان ہے جبکہ نوازشریف اور شہباز شریف کے بازو لوگوں نے آزمائے ہوئے ہیں۔