عمران خان بہت اچھے انسان ہیں، ان کے ساتھ بہترین تعلقات ہیں۔امریکی صدر نے بھارتی سرزمین پر پاکستان کی تعریفوں کے پل باندھ دئیے

نئی دہلی (ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارتی سرزمین پر وزیراعظم پاکستان عمران خان کی تعریفوں کے پل باندھتے ہوئے انہیں ایک اچھا انسان قرار دے د یا۔تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اہلیہ کے ہمراہ بھارت کے دو روزہ دورے پر پہنچے۔بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے احمدآباد ائیرپورٹ پرامریکی صدر ٹرمپ کا استقبال کیا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آج پریس کانفرس کرتے ہوئے بھارتی سرزمین پر ایک بار پھر پاک بھارت ثالثی کی پیشکش کی ہے۔انہوں نے کہا کہ مودی سے پاکستان کے بارے میں بہت گفتگو ہوئی۔اس موقع پر بھارتی صحافی نے امریکی صدر کو پاکستان مخالف گفتگو پر اکسایا لیکن ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کی تعریف کر دی اور کہا کہ عمران خان سے میرے بہت اچھے تعلقات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان بہت اچھے انسان ہیں۔امریکی صدر نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے بہت کچھ کر رہا ہے۔مودی سے بات کی ہے میں پاکستان اور بھارت کے مابین ثالثی کے لیے تیار ہوں۔ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ کشمیر کے مسئلے پر مدد یا ثالثی جو ہو سکا کروں گا۔ پاکستان کشمیر کے مسئلے پر کام کر رہا ہے، کشمیر بہت سے لوگوں کے لیے طویل عرصے سے مسئلہ ہے۔

کشمیر دونوں ملکوں کا مسئلہ ہے تو اب تک حل ہونا چاہئیے۔انہوں نے مزید کہا کہ مودی سے مذہبی آزادی پر بات ہوئی۔نریندر مودی مذہبی آزادی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔یقین ہے کہ مودی اس پر سخت محنت کر رہے ہیں۔امریکی صدر نے مزید کہا کہ امریکا میں سفری پابندیاں مسلمانوں کے لیے نہیں بلکہ امریکا مخالف افراد کے لیے تھی۔گذشتہ روز احمد آباد میں سٹیڈیم میں خطاب کے دوران بھی امریکی صدر نے پاکستان کی تعریف کی تھی۔

اس موقع پر لاکھوں بھارتی صحافی سٹیڈیم میں موجود تھے۔احمد آباد میں صدر ٹرمپ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ مل کر دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کر رہے ہیں۔ پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔ ہم پر امید ہیں کہ مستقبل میں تمام جنوبی ایشیا میں بھارت مسائل حل کرنے اور امن پیدا کرنے میں قیادت کرے گا۔امریکی صدر نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کوششیں کی۔دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے اقدمات قابل تعریف ہیں۔

اس وقت سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں
تبصرے
Loading...