امریکہ میں سیاہ فام باشندے جارج فلوئیڈ کی ہلاکت، پاکستانی ٹرک آرٹسٹ نے ایسا کام کردکھایا کہ پوری دنیا گرویدہ ہوگئی

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی ریاست منیسوٹا کے شہر منیپولیس میں پولیس کے ہاتھوں سیاہ فام شہری جارج فلوئیڈ کی ہلاکت نے پوری دنیا کو ہلاکر رکھ دیا۔ پاکستان میں بھی سیاہ فام شہری کی افسوسناک موت پر غم و افسوس کی ایک لہر آئی جسے کراچی کے ایک ٹرک آرٹسٹ نے اپنے فن کی زبان میں ایسے بیان کیا کہ پوری دنیا کو اپنا گرویدہ کر لیا۔ واشنگٹن پوسٹ کے مطابق کراچی کے رہائشی اس 40سالہ ٹرک آرٹسٹ کا نام حیدر علی ہے جو ٹرکوں پر نقش و نگار بناتا ہے۔ اس نے اپنے گھر کی دیوار پر جارج فلوئیڈ کی تصویر کے ساتھ ٹرک آرٹ کے ایسے جوہر بکھیرے ہیں کہ اس کی تصاویر انٹرنیٹ پر آئیں تو ہر کوئی تعریف پر مجبور ہو گیا۔

اس پینٹنگ پر حیدر علی نے جارج فلوئیڈ کی تصویر کے ساتھ پاکستان اور امریکہ کے پرچم بنائے ہیں اور ’انصاف برابری‘ اور ’سیاہ فام باشندوں کی زندگیاں بھی اہمیت رکھتی ہیں‘ جیسے نعرے انگریزی اور اردو میں تحریر کیے ہیں۔ اس نے ٹرک آرٹ کے کچھ جملے بھی اس پینٹنگ پر تصویر کیے ہیں جن میں سے ایک ’گوروں کی نہ کالوں کی۔۔۔ دنیا ہے دل والوں کی‘ ہے۔

ایسوسی ایٹڈ پریس سے گفتگو کرتے ہوئے حیدر علی کا کہنا تھا کہ ”اس پینٹنگ کے ذریعے میں نے دنیا کو امن اور محبت کا ایک پیغام دینے کی کوشش کی ہے۔ یہ پیغام صرف میری طرف سے نہیں ہے بلکہ پورے پاکستان کی طرف سے ہے۔ “ حیدر علی کا کہنا تھا کہ ”جب میں نے وہ ویڈیو دیکھی جس میں سفید فام پولیس آفیسر نے سیاہ فام جارج فلوئیڈ کو سڑک پر لٹا کر اس کی گردن پر گھٹنا رکھا ہوتا ہے اور وہ تڑپ رہا ہوتا ہے۔ وہ ویڈیو دیکھ کر میری آنکھوں میں آنسو آ گئے۔ اسی وقت میں نے جارج فلوئیڈ کی تصویر کے ساتھ یہ پینٹنگ بنانے کا فیصلہ کر لیا تھا۔ میں ٹرکوں کے پیچھے بھی اس کی تصویر بناﺅں گا۔“

اس وقت سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں
تبصرے
Loading...