شیخوپورہ میں ٹوٹی قیامتِ صغریٰ، سکھ یاتریوں کی بس ٹرین کی زد میں آگئی، درجنوں افراد جاں بحق

صوبہ پنجاب کے علاقے شیخوپورہ میں فاروق آباد پھاٹک کے قریب مسافر ویگن کراچی سے لاہور آنے والی ٹرین شاہ حسین ایکسپریس کی زد میں آگئی جس کے نتیجے میں 20 افراد ہلاک اور 8 زخمی ہوگئے۔

ڈسٹرک پولیس افسر (ڈی پی او) غازی صلاح الدین نے حادثے میں 20 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی۔

ریسکیو 1122 کے ڈسٹرک انچارج رانا اعجاز نے بتایا کہ لاشوں اور زخمیوں کو ڈسٹرک ہیڈ کوارٹرز ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ حادثے میں زخمی ہونے والے 8 میں سے 5 افراد کی حالت تشویشناک بتائی گئی۔

ڈی پی او غازی صلاح الدین نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ وقوعہ کے وقت پھاٹک بند تھا لیکن ڈرائیور نے کچھ دیر رکنے کے بعد جلد بازی کرتے ہوئے کچھ پیچے جا کر پھاٹک کراس کرنے کی کوشش کی جس کے نتیجے میں حادثہ رونما ہوا اور حادثے میں ڈرائیور بھی زندہ نہ بچ سکا۔

ڈی پی او نے مزید بتایا کہ ہلاک ہونے والے تمام افراد پاکستانی اور سکھ یاتری تھے جو 3 کوسٹرز میں سوار تھے جس میں سے 2 کوسٹر آگے گزر چکی تھیں۔

انہوں نے مزید تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ یہ افراد پشاور سے اپنے عزیز و اقارب کے پاس ننکانہ صاحب آئے ہوئے تھے۔

ڈی پی او نے بتایا کہ سکھ شہری کسی بزرگ کے انقال پر تعزیت کے لیے ننکانہ صاحب آئے ہوئے تھے اور آج واپس پشاور جارہے تھے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ابتدائی طور پر یہ معلوم ہوا ہے کہ پھاٹک بند تھا ڈرائیور نے کچھ دیر رکنے کے بعد 25-30 گز پیچھے جہاں ٹریک قدرے ہموار تھا وہاں سے گاڑی گزارنے کی کوشش کی اور ٹرین کی زد میں آگئے۔

دوسری جانب اس حوالے سے ترجمان ریلوے نے بتایا کہ کراچی سے لاہور آنے والی 43 اپ شاہ حسین ایکسپریس کا دوپہر ایک بجکر 30 منٹ پر ان مینڈ لیول کراسنگ پر اے سی کوسٹر سے تصادم ہوا جس میں 15 افراد ہلاک ہونے کی تصدیق ہوئی۔

ترجمان ریلوے نے مزید بتایا کہ ریلوے اور ضلعی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ کر ٹریک کی بحالی، زخمیوں اور جاں بحق افراد کو کوسٹر سے نکالنے میں مصروف ہیں۔

ترجمان ریلوے نے مزید بتایا کہ تمام ڈویژنل افسران کو جائے حادثہ کی طرف روانہ کیا گیا۔

ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ حادثے کے بعد ریلوے نے فوری طور پر ڈی ای این کو معطل کردیا ہے جبکہ وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے ذمہ داران کے خلاف فوری کارروائی کا حکم دیا ہے۔

علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے شیخوپورہ میں ٹرین حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور زخمیوں کو بہترین طبی امداد کی فراہمی کی ہدایت کی۔

اس وقت سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں
تبصرے
Loading...