یو اے ای کے ولی عہد کے جاتے ہی ایک اور اہم ترین شخصیت پاکستان پہنچ گئی

اسلام آباد ( آن لائن) ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کے سربراہ ڈاکٹرٹیڈروس ایدھنم پاکستان پہنچ گئے ہیں۔

ڈاکٹرٹیڈروس ایدھنم غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز کے ذریعے اسلام آباد پہنچے جہاں ایئر پورٹ پر وزارت صحت اور ڈبلیو ایچ او کے حکام نے ان کا استقبال کیا۔ وہ پاکستان میں کل (7 جنوری) تک قیام کریں گے اور پولیو کے حوالے سے ہونے والی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ ڈاکٹرٹیڈروس ایدھنم وزیراعظم عمران خان، وفاقی وزیرصحت اور ڈی جی ہیلتھ سے ملاقاتیں کریں گے۔

اپنے دورہ پاکستان کے دوران سربراہ ڈبلیو ایچ او پولیو ایمرجنسی آپریشن سینٹر کا دورہ کریں گے، جہاں انہیں انسداد پولیوکے لئے اقدامات پربریفنگ دی جائے گی۔ڈاکٹرٹیڈروس کل پولیوڈونرز کانفرنس میں شریک ہوں گے۔ پاکستان کانفرنس میں دنیا کو انسداد پولیو سے متعلق کارکردگی اور ڈونرز کو پولیوسے متعلق آئندہ 3 سال کی ضروریات سے آگاہ کرے گا۔

ذرائع کے مطابق سعودی عرب، جاپان، کینیڈا، آسٹریلیا، برطانیہ، جرمنی کے نمائندے پولیو ڈونرز کانفرنس میں شرکت کریں گے جبکہ ڈبلیوایچ او ، یونیسیف، بل اینڈمیلنڈاگیٹس فاؤنڈیشن بھی اس کانفرنس میں شریک ہوگی ۔خیال رہے کہ سربراہ ڈبلیوایچ اوڈاکٹرٹیڈروس پہلی بارپاکستان آئے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان ،افغانستان اور نائجیریا دنیا کے آخری تین ممالک ہیں جہاں پولیو جیسی بیماری آج بھی موجود ہے۔ کچھ مہینے قبل عالمی ادارہ صحت نے اعلان کیا تھا کہ دنیا پولیو کے خاتمے کے قریب پہنچ چکی ہے، اس لیے عالمی برادری کو پولیو وائرس کے مکمل خاتمے کے لیے موثر کردار ادا کرنا ہوگا۔

اس وقت سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں