عمران خان نے 22سالہ جدوجہد حکومت حاصل کرنے کیلئے کی تھی :ہارون الرشید

لاہور ( آن لائن) تجزیہ کار ہارون الرشید نے کہاہے کہ تحریک انصاف میں معاشرے کا سارا کچرا اورنعرے باز لوگ اکٹھے ہوگئے ہیں، باقی پارٹیوں میں موروثیت جاری ہے ، عمران خان نے 22سالہ جد وجہد خرابیاں ٹھیک کرنے کے لئے نہیں حکومت حاصل کرنے کیلئے کی تھی۔

دنیا نیوز کے پروگرام ”تھنک ٹینک“ میں گفتگو کرتے ہوئے ہارون الرشید نے کہاکہ مریض کا علاج ڈاکٹر کرتاہے ،عطائی علاج نہیں کر سکتا ، جس آدمی کوپتہ نہیں ہے مگر وہ اخبار میں مضمون لکھنا چاہتاہے تو وہ نہیں لکھ سکے گا ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف میں معاشرے کا سارا کچرا اورنعرے باز لوگ اکٹھے ہوگئے ہیں، باقی پارٹیوں میں موروثیت جاری ہے ، امریکہ میں جمہوری نظام چلتے ہوئے سوا دو صدیاں گزر گئی ہیں ، پھر بھی ان کو پالیسیاں بنانے کی ضرورت پڑتی ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت سول سروس استعمال ہو سکتی ہے لیکن گھوڑے سے کام لینے کیلئے سوار بھی ہوناچاہئے ، اصلاحات کی جاسکتی ہیں لیکن اس کے لئے کسی سے مشور ہ لیناچاہئے ، کاروبار مملکت بچوں کا کھیل نہیں لیکن تحریک انصاف کی حکومت نے اس کو بچوں کا کھیل بنادیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے 22سالہ جدوجہد حکومت حاصل کرنے کیلئے کی ، چیزوں کو ٹھیک کرنے کیلئے نہیں کی ، ادارے بن سکتے ہیں لیکن اگر کوئی بنانا چاہے تو پھر ہی بن سکتے ہیں۔

اس وقت سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں